امریکا اور ایران کے درمیان معاہدے کی کوششیں جاری ، اہم نکات پر اختلافات اب بھی برقرار ہیں:امریکی میڈیا رپورٹس
اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران کے ساتھ ممکنہ امن فریم ورک کا تبدیل شدہ مسودہ تہران کو بھیج دیا ہے، جس میں پہلے کے مقابلے میں مزید سخت شرائط شامل کی گئی ہیں۔امریکی میڈیا رپورٹس کے مطابق امریکا اور ایران کے درمیان معاہدے کی کوششیں جاری ہیں، تاہم اہم نکات پر اختلافات اب بھی برقرار ہیں۔نیویارک ٹائمز کے مطابق صدر ٹرمپ نے مجوزہ معاہدے میں ترامیم کے بعد اسے دوبارہ ایرانی قیادت کے غور کے لیے ارسال کیا، تاہم ان تبدیلیوں کی تفصیلات ظاہر نہیں کی گئیں۔رپورٹ کے مطابق ٹرمپ ان شقوں پر تشویش کا اظہار کر رہے ہیں جن کے تحت ایران کے منجمد اثاثے بحال کیے جا سکتے ہیں۔ یہ وہی نکتہ ہے جس پر وہ 2015 کے جوہری معاہدے پر بھی تنقید کرتے رہے ہیں۔مذاکرات براہِ راست نہیں بلکہ ثالثوں کے ذریعے جاری ہیں، جن میں بعض غیر ملکی حکام کے ساتھ پاکستانی حکام کے شامل ہونے کی بھی اطلاعات ہیں۔امریکی حکام کے مطابق نئے مسودے کا مقصد ایران پر دباؤ بڑھانا اور اسے پہلے سے طے شدہ فریم ورک قبول کرنے پر آمادہ کرنا ہے۔