پاکستان چیلنجز سے محفوظ نہیں لیکن ہم بے بس بھی نہیں، صدر زرداری

پاکستان چیلنجز سے محفوظ نہیں لیکن ہم بے بس بھی نہیں، صدر زرداری

صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ پاکستان کے نگہبان ہونے کی حیثیت سے ہمیں اپنی قومی ذمہ داریوں کی تجدید کرنا ہوگی اور نئے سال میں اتحاد و استقامت کے ساتھ آگے بڑھنا ہوگا۔

سالِ نو 2026 کے موقع پر اپنے پیغام میں صدر آصف علی زرداری کا کہنا تھا کہ پاکستان کو مختلف نوعیت کے چیلنجز درپیش ہیں، تاہم قوم بے بس نہیں اور نہ ہی مایوسی کی متحمل ہو سکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اتحاد، ثابت قدمی، تخلیقی صلاحیتوں اور پختہ یقین کے ذریعے ہم ہر مشکل پر قابو پا سکتے ہیں۔ صدر مملکت نے اس عزم کا اظہار کیا کہ قوم اگر باہمی یکجہتی کے ساتھ آگے بڑھے تو پاکستان ترقی اور استحکام کی راہ پر گامزن ہو سکتا ہے۔دوسری جانب وزیراعظم شہباز شریف نے بھی سالِ نو کے موقع پر قوم کو مبارکباد دیتے ہوئے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔ اپنے پیغام میں وزیراعظم نے دعا کی کہ نیا سال ملک و قوم کے لیے خوشحالی، امن اور ترقی کا پیغام لے کر آئے۔

وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ سال 2025 دفاعِ وطن کے حوالے سے ملکی تاریخ میں سنہری حروف سے لکھا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ قوم نے مشکل حالات میں ثابت کیا کہ وہ اپنی بہادر افواج کے شانہ بشانہ کھڑی ہے اور ملک کے دفاع کے لیے سیسہ پلائی دیوار بن سکتی ہے۔ان کا مزید کہنا تھا کہ حکومت نئے سال میں بھی قومی سلامتی، معاشی استحکام اور عوامی فلاح کو اولین ترجیح دے گی اور قوم کے تعاون سے پاکستان کو درپیش چیلنجز پر قابو پایا جائے گا۔