اسلام آباد(نیٹ نیوز ) سپریم کورٹ نے فائرنگ کے واقعے میں راہگیر کے قتل کے ملزم اختر علی کی درخواستِ ضمانت مسترد کر دی، سماعت کے دوران عدالت کو بتایا گیا کہ ملزم کی درخواست پر میڈیکل کروایا گیا تھا۔جسٹس مسرت ہلالی نے ریمارکس دیئے کہ میڈیکل رپورٹ کے مطابق ملزم بالکل ٹھیک ٹھاک ہے جبکہ میڈیکل رپورٹ ملزم کے موقف کے خلاف ہے اس لئے عدالت ضمانت نہیں دے سکتی۔درخواست گزار کے وکیل نے موقف اختیار کیا کہ وہ بائیک پر جا رہے تھے کہ دوسرے فریق نے ان پر فائرنگ کی، سرکاری وکیل نے کہا کہ یہ کراس فائرنگ کا معاملہ ہے جس میں شاہ زیب نامی ایک راہگیر جاں بحق ہوا۔جسٹس مسرت ہلالی نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ مقتول نوجوان کی دو دن پہلے ہی شادی ہوئی تھی اور ملزمان نے ایک دوسرے کی بجائے ایک بے قصور نوجوان کو مار ڈالا