یقین ہے معاشی ترقی کے اہداف حاصل کر کے رہیں گے:اسحاق ڈار

 وزیراعظم شہباز شریف کی قیادت میں ملک معاشی استحکام کی منزل حاصل کریگا،یہ وہ وقت ہے جب ہم نے آئی ایم ایف کو خدا حافظ کہنا ہے
قدرت نے ہمارے ملک کو بے پناہ وسائل سے مالا مال کر رکھا ہے بس ضرورت اس مر کی ہے کہ ہم یکسو ہو کر آگے بڑھیں، تقریب سے خطاب
اسلام آباد (آن لائن) نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ محمد اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ اڑان پاکستان پروگرام  وفاق اور صوبوں نے منظور کیا ہے ، یقین ہے پلان  کے تحت معاشی ترقی کے اہداف حاصل کر  کے رہیں گے اور وزیراعظم شہباز شریف کی قیادت میں ملک معاشی استحکام کی منزل حاصل کرے گا‘ یہ وہ وقت ہے جب ہم نے آئی ایم ایف کو خدا حافظ کہنا ہے ۔اڑان پاکستان تقریب سے خطاب کرتے ہوئے اسحاق ڈار نے کہا کہ اڑان پاکستان قومی ترقی کا ایک جامع پروگرام ہے ۔ 2013ء میں( ن) لیگ کی حکومت نے تین ایز کا پروگرام دیا اور ملک کو اندھیروں سے نکالا ۔پاکستان کو کمزور معیشت، انتہا پسندی اور دہشتگردی کا سامنا تھا ۔ نواز شریف کی قیادت میں پاکستان نے بخوبی تین ایز کا ہدف حاصل کیا ۔ سیاسی استحکام کے ذریعے معاشی اہداف حاصل کیے جا سکتے ہیں ۔ میاں شہباز شریف کی قیادت میں ملک اب بہتری کی جانب گامزن ہے ۔ مہنگائی میں کم آرہی ہے ، معیشت استحکام کی طرف گامزن ہے ۔ شرح سود میں کمی آئی ہے ، سٹاک مارکیٹ ایک لاکھ سے اوپر جا چکی ۔ شہباز شریف کی قیادت میں 2022 میں اتحادی حکومت نے ملک کو دیوالیہ ہونے سے بچایا ۔ قدرت نے ہمارے ملک کو بے پناہ وسائل سے مالا مال کر رکھا ہے بس ضرورت اس مر کی ہے کہ ہم یکسو ہو کر آگے بڑھیں ۔ یقین ہے کہ شہباز شریف کی قیادت میں معا شی استحکام کی منزل حاصل کریں گے ۔ یہ وہ وقت ہے جب ہم نے آئی ایم ایف کو خدا حافظ کہنا ہے ۔