وفاقی وزیرخزانہ سے امریکی سفیر ڈونلڈ بلوم کی الوداعی ملاقات

اسلام آباد(آن لائن)وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب سے امریکی سفیر ڈونلڈ بلوم نے الوداعی ملاقات کی۔ملاقات میں دو طرفہ اقتصادی تعاون اور تعلقات سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیاگیا۔وزیر خزانہ نے امریکی سفیر کو پاکستان کے معاشی نقطہ نظر کے بارے میں بتایا۔ملاقات کے بعد جاری اعلامیہ کے مطابق وزیر خزانہ نے میکرو اکنامک استحکام کیلئے اصلاحاتی ایجنڈے پر زور دیااورآئی ایم ایف سے قرض پر سہولت فراہم کرنے پر امریکاکا شکریہ اداکیا۔وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے کہا کہ امریکا پاکستان کا سب سے بڑا تجارتی شراکت دار ہے، امریکا پاکستانی مصنوعات اور خدمات کیلئے ایک اہم مارکیٹ ہے۔وزیر خزانہ نے خاص طور پر بڑھتے ہوئے آئی ٹی ایکسپورٹ سیکٹر پر روشنی ڈالی اورآئی ٹی اور ڈیجیٹل خدمات شعبوں میں تجارت بڑھانے کے امکانات کو بھی اجاگر کیا۔ڈونلڈ بلوم نے امریکا اور پاکستان کے درمیان مضبوط اور پائیدار تعلقات کو سراہا۔ملاقات میں پاکستان کی اقتصادی اصلاحات و ترقی کی حمایت جاری رکھنے کے امریکی عزم کا اعادہ کیا گیا۔