حکومت جدید تعلیم اور سکل ڈویلپمنٹ کو اولین ترجیح دے رہی ہے تاکہ ہمارا نوجوان عالمی معیار پر پورا اتر سکے
اسلام آباد (آئی این پی )وفاقی وزیر امورکشمیر انجینئر امیر مقام نے کہا ہے کہ تعلیم اور ٹیکنالوجی میں مہارت کے بغیر ترقی کا خواب ناممکن ہے، یہ نوجوان ہی ہیں جو ملک کا مستقبل سنواریں گے۔وفاقی وزیر سے نیشنل یوتھ کونسل کے کشمیر اور گلگت بلتستان سے منتخب ممبران نے ملاقات کی جس میں مستقبل کے معماروں نے اپنے شاندار منصوبوں اور سرگرمیوں پر بریفنگ دی۔وفاقی وزیر انجینئر امیر مقام نے نوجوانوں کے جذبے کو سراہتے ہوئے کہا کہ یہ نوجوان ہی ہیں جو ملک کا مستقبل سنواریں گے۔اس موقع پر انہوں نے پرائم منسٹر یوتھ پروگرام کے حوالے سے کہا کہ یہ پروگرام نوجوانوں کے لیے ترقی کی شاہراہ پر ایک سنگ میل ثابت ہوا ہے۔انجینئر امیر مقام نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف کی قیادت اور وژن نے اس پروگرام کو نئی بلندیوں تک پہنچایا جبکہ رانا مشہود احمد خان نے اس خواب کو حقیقت میں بدلنے میں اہم کردار ادا کیا، حکومت جدید تعلیم اور سکل ڈویلپمنٹ کو اولین ترجیح دے رہی ہے تاکہ ہمارا نوجوان عالمی معیار پر پورا اتر سکے۔