خیبر پختونخوا کی ٹوٹی سڑکیں اور کھنڈر اسپتال وزیراعلی کے منتظر ہیں، فیملی ری یونین زمان پارک میں کر لیا کریں عوام کو تکلیف نہ دیں
طالب علم سکالر شپ پروگرام اور لیپ ٹاپ کے انتظار میں ہیں، وزیراعلی خیبر پختونخوا کی کرسی تماشہ اور مذاق بن چکی ، سینئر صوبائی وزیر
لاہور(سپشل رپورٹر )پنجاب کی سینئر وزیر مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ تحریک انصاف کو پشاور اور خیبر پختونخوا جانے کا اعلان کرنا چاہئے۔اپنے ایک بیان میں صوبائی وزیر مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ خیبر پختونخوا کے لوگ، کھنڈر ہسپتال اور سکول وزیراعلی خیبرپختونخوا کے منتظر ہیں، صوبے کی سڑکوں، گلیوں اور بازاروں میں موجود گند بھی وزیر اعلی خیبر پختونخوا کے انتظار میں ہے۔انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخوا کی ٹوٹی ہوئی سڑکیں اور بسیں وزیراعلی کی منتظر ہیں جبکہ طالب علم سکالر شپ پروگرام اور لیپ ٹاپ کے انتظار میں ہیں، وزیراعلی خیبر پختونخوا کی کرسی تماشہ اور مذاق بن چکی ہے، 23 نومبر کو خیبر پختونخوا کے لوگوں نے مسلم لیگ ن کے حق میں فیصلہ دیا۔مریم اورنگزیب نے مشورہ دیا کہ فیملی ری یونین زمان پارک میں کر لیا کریں، عوام کو تکلیف نہ دیں۔