پاکستانی ٹی وی میزبان اور سوشل میڈیا شخصیت متھیرا نے مردوں کے جذبات، معاشرتی دباؤ اور ان کی ذہنی کیفیت کے حوالے سے اپنے خیالات کا اظہار کیا ہے۔
متھیرا نے فیصل وحید کو دیے گئے ایک انٹرویو میں کہا کہ لڑکوں کی پرورش ایسے ماحول میں ہونی چاہیے جہاں وہ اپنے جذبات کا اظہار کرنے میں جھجھک محسوس نہ کریں۔ ان کے مطابق ماؤں اور بیویوں کا بھی اہم کردار ہے کہ وہ مردوں کے جذبات کو سمجھیں اور انہیں بہتر انسان بننے میں مدد فراہم کریں۔مردوں پر موجود معاشرتی دباؤ کے حوالے سے بات کرتے ہوئے متھیرا نے کہا کہ مرد بھی زندگی میں مختلف مشکلات کا سامنا کرتے ہیں، لیکن معاشرے نے انہیں صرف ذمہ داریاں اٹھانے والی "مشین" سمجھ لیا ہے۔انہوں نے کہا کہ مسلسل کام، مالی ذمہ داریوں اور معاشرتی توقعات کا دباؤ بہت سے مردوں کو ذہنی اور جذباتی طور پر تھکا دیتا ہے، جس کے باعث بعض اوقات وہ ایک اچھے والد، شوہر، بیٹے یا بھائی کا کردار نبھانے میں مشکلات محسوس کرتے ہیں۔
متھیرا کا کہنا تھا کہ بچوں، خاص طور پر لڑکوں کو بچپن سے یہ سکھانے کی ضرورت ہے کہ جذبات کا ہونا ایک فطری عمل ہے۔ اداسی، پریشانی یا ڈپریشن کا شکار ہونا کوئی شرمندگی کی بات نہیں بلکہ انسانی زندگی کا حصہ ہے۔انہوں نے زور دیا کہ اگر معاشرہ مردوں کو بھی اپنے احساسات بیان کرنے کا موقع دے اور ان کی ذہنی کیفیت کو سمجھے تو خاندانی اور سماجی تعلقات مزید بہتر ہو سکتے ہیں۔