گورننس ماڈل میں اصلاحات اور تنظیمِ نو وقت کی ضرورت ہے، وفاقی وزیرِ تجارت

گورننس ماڈل میں اصلاحات اور تنظیمِ نو وقت کی ضرورت ہے، وفاقی وزیرِ تجارت

اسلام آباد: وفاقی وزیر تجارت جام کمال خان نے کہا ہے کہ ملکی گورننس ماڈل میں فوری اصلاحات اور ادارہ جاتی تنظیمِ نو وقت کی اہم ضرورت ہے، تاکہ پاکستان کو جدید دور کے تقاضوں سے ہم آہنگ کیا جا سکے۔

اپنے بیان میں جام کمال خان نے کہا کہ ڈیجیٹل دور کے تقاضوں کے پیشِ نظر گورننس کے نظام میں جامع اصلاحات ناگزیر ہو چکی ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ مؤثر، شفاف اور جوابدہ طرزِ حکمرانی ہی ملک کو ترقی کی راہ پر گامزن کر سکتا ہے۔انہوں نے کہا کہ عوامی خدمت پر مبنی، فعال اور مؤثر نظامِ حکمرانی پائیدار ترقی کی بنیاد ہے، جبکہ ادارہ جاتی اصلاحات اور تنظیمِ نو کے بغیر جدید دور کے چیلنجز کا مؤثر انداز میں مقابلہ کرنا ممکن نہیں۔وفاقی وزیر تجارت نے 2018 میں گورننس سے متعلق اپنی ایک پوسٹ بھی دوبارہ شیئر کرتے ہوئے اس مؤقف کا اعادہ کیا کہ ادارہ جاتی اصلاحات کے ذریعے ملکی نظام کو مزید مضبوط، مؤثر اور عوام دوست بنایا جا سکتا ہے۔جام کمال خان نے اس بات پر زور دیا کہ پاکستان کو بدلتے ہوئے عالمی تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے کے لیے حکومتی اداروں میں اصلاحات اور بہتر طرزِ حکمرانی کو ترجیح دینا ہوگی۔