11میں سے 10بسیں ہی سڑکوں پر آسکیں، شہریوں کا منصوبے کا خیرمقدم
ننکانہ صاحب (خصوصی رپورٹ) حکومت پنجاب کی جانب سے ضلع ننکانہ صاحب میں گرین الیکٹرک بس سروس کے جمعرات کو باقاعدہ آغاز اور افتتاح کے پہلے ہی روز ایک بس تکنیکی خرابی کا شکار ہو گئی، جس کے باعث صرف 10 بسیں سڑکوں پر آ سکیں۔ ابتدائی مرحلے میں ضلع کو 11 جدید، ماحول دوست الیکٹرک بسیں فراہم کی گئی ہیں، جبکہ شہریوں نے اس منصوبے کا خیرمقدم کرتے ہوئے اسے عوامی سفری سہولیات میں اہم پیش رفت قرار دیا ہے۔گرین الیکٹرک بس سروس فی الحال ننکانہ صاحب سے موڑ کھنڈا اور واربرٹن کے روٹس پر چلائی جا رہی ہے۔ دونوں روٹس کیلئے پانچ، پانچ بسیں مختص کی گئی ہیں، جبکہ گیارہویں بس تکنیکی خرابی کے باعث پہلے روز سروس کا حصہ نہ بن سکی۔ ہر 40 منٹ بعد ننکانہ صاحب سے ایک بس روانہ ہوتی ہے، جبکہ اسی وقفے سے واربرٹن اور موڑ کھنڈا سے بھی بسیں اپنے سفر کا آغاز کرتی ہیں۔ نئی بسیں جدید سہولیات سے آراستہ ہیں اور ان کا مقصد شہریوں کو آرام دہ، محفوظ اور ماحول دوست سفری سہولت فراہم کرنا ہے۔گرین بس سروس کے آغاز کے ساتھ ہی ضلع کے دیگر علاقوں کے عوام نے بھی اپنے علاقوں تک اس سہولت کی فراہمی کا مطالبہ کر دیا ہے۔