پشاور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سیکریٹری جنرل پی ٹی آئی سلمان اکرم راجہ نے کہا کہ وزیرِاعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور سے بات ہوئی ہے، کچھ مخصوص علاقوں میں داعش اور ٹی ٹی پی کے جنگجو لوگوں کے گھروں میں پناہ لیے ہوئے ہیں اور انہیں ڈھال بنا رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ عام شہریوں کو جنگجوؤں کی ڈھال نہیں بننے دیں گے اور عوام کو محفوظ رکھنے کے لیے مؤثر اقدامات کیے جائیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ معاملے کے حل کے لیے وزیرِاعلیٰ سے بات کریں گے اور مقامی آبادی کو اعتماد میں لیا جائے گا۔سلمان اکرم راجہ نے مزید کہا کہ کچھ دنوں کے لیے لوگ اپنی مرضی سے ایک طرف ہونا چاہیں تو یہ ان کا فیصلہ ہونا چاہیے لیکن زبردستی نقل مکانی پر مجبور نہ کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ فیصلہ ساز ہمارے ساتھ بیٹھیں، ہم ملک کے خیر خواہ ہیں اور امن، انصاف اور قانون کے لیے متحد ہیں۔
پی ٹی آئی رہنما نے 9 مئی کے کیسز پر بھی بات کرتے ہوئے کہا کہ کمزور اور جھوٹی گواہی پر 10، 10 سال کی سزائیں دی جا رہی ہیں، جو لمحۂ فکریہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ عدالتوں میں اپیل کریں گے اور انصاف کے لیے ہر فورم پر جنگ لڑیں گے۔انہوں نے بانیٔ پی ٹی آئی سے رابطے میں مشکلات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ تحریک ملک گیر ہوگی اور ٹکٹ میرٹ پر دیے جائیں گے، جبکہ عوام کو آئین و قانون کے مطابق اپنی آواز بلند کرنے کی اپیل کی ہے۔