لاہور (کرائم رپورٹر)انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کی زیر صدارت کرائم کنٹرول ڈیپارٹمنٹ کی کارکردگی کا جائزہ لینے کے لیے سنٹرل پولیس آفس میں اجلاس منعقد ہوا۔ اس موقع پر ایڈیشنل آئی جی سہیل ظفر چٹھہ نے سی سی ڈی کی کارکردگی بارے بریفنگ دی۔ آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے سنگین جرائم کی سرکوبی کے لیے سی سی ڈی کی کارکردگی پر اطمینان کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کے ویڑن کے مطابق سنگین جرائم کے مرتکب کریمنلز کا سدباب کر رہے ہیں۔ سی سی ڈی ضلعی پولیس سے مؤثر کوآرڈینیشن اور حکمت عملی سے بہترین نتائج دے رہا ہے۔ آئی جی پنجاب نے کہا کہ اشتہاری مجرمان، ڈاکوؤں، اغوا کاروں کی گرفتاری اور گمشدہ بچوں کی بازیابی کے لیے سی سی ڈی کی خدمات قابلِ قدر ہیں۔ آئی جی پنجاب نے مزید کہا کہ بڑے منشیات فروش، موٹر سائیکل چور گینگز کی گرفتاری کے لیے مزید اقدامات عمل میں لائے جائیں۔ ڈی آئی جی سی سی ڈی ایچ آر ایم عمر فاروق سلامت، ڈی آئی جی انٹرنل اکاؤنٹیبلٹی سی سی ڈی وقاص الحسن، سی سی ڈی کے تمام آر اوز اور ڈی اوز سمیت سینئر افسران نے اجلاس میں شرکت کی۔