پاکستان بھر کی صرافہ مارکیٹوں میں سونے کی قیمتوں میں ایک بار پھر نمایاں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے، جس کے بعد سونا تاریخ کی بلند ترین سطح کے قریب پہنچ گیا ہے۔
آل پاکستان صرافہ جیمز اینڈ جیولرز ایسوسی ایشن کے مطابق فی تولہ سونے کی قیمت میں 15 ہزار 300 روپے کا بڑا اضافہ ہوا ہے، جس کے بعد فی تولہ سونا 4 لاکھ 94 ہزار 62 روپے کا ہو گیا ہے۔اسی طرح 10 گرام سونے کی قیمت میں بھی اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔ 10 گرام سونا 13 ہزار 117 روپے مہنگا ہو کر 4 لاکھ 23 ہزار 578 روپے تک پہنچ گیا ہے۔دوسری جانب عالمی مارکیٹ میں بھی سونے کی قیمت میں نمایاں اضافہ ہوا ہے۔ عالمی بازار میں سونے کا بھاؤ 153 ڈالرز اضافے کے بعد 4713 ڈالرز فی اونس ہو گیا ہے۔ماہرین کے مطابق عالمی سطح پر معاشی غیر یقینی صورتحال، ڈالر کی قدر میں اتار چڑھاؤ اور عالمی تنازعات کے باعث سرمایہ کار سونے کو محفوظ سرمایہ کاری سمجھتے ہوئے اس کی خریداری بڑھا رہے ہیں، جس کے اثرات مقامی مارکیٹوں پر بھی پڑ رہے ہیں۔