یورپی ممالک کے نئے کرکٹ ٹورنامنٹ کو انگلینڈ بورڈ کی منظوری نہ ملنے سے دھچکا

یورپی ممالک کے نئے کرکٹ ٹورنامنٹ کو انگلینڈ بورڈ کی منظوری نہ ملنے سے دھچکا

آئرلینڈ کرکٹ بورڈ کی جانب سے یورپی ممالک کی ٹیموں کے لیے ایک نئے ٹورنامنٹ، یورو نیشنز کپ، شروع کرنے کی تجویز دی گئی تھی جس کا مقصد ایشیا کپ طرز کی مقابلہ بازی کو یورپ میں متعارف کروانا تھا۔

یہ ٹورنامنٹ 2027ء سے شروع کرنے کا منصوبہ تھا اور اس میں مختلف یورپی ممالک کی قومی ٹیمیں حصہ لیتی۔تاہم، انگلینڈ کرکٹ بورڈ (ای سی بی) نے اس آئیڈیا کی عملی حمایت سے انکار کر دیا۔ ای سی بی کے چیف رچرڈ گولڈ نے موقف اختیار کیا کہ یہ منصوبہ دلچسپ ہے مگر ان کے موجودہ شیڈول میں اتنی اضافی ٹورنامنٹس کے لیے وقت نہیں ہے۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ ٹورنامنٹ کی کامیابی کے لیے براڈکاسٹ پارٹنرز کی دلچسپی ضروری ہے، اور اس کے بغیر اس کا انعقاد ممکن نہیں۔

دوسری جانب، ای سی بی نے بات چیت کے دروازے کھلے رکھے ہیں اور کہا کہ اگر ٹورنامنٹ کے لیے مزید تفصیلات اور شراکت دار دستیاب ہوں تو وہ غور کر سکتے ہیں۔ اس فیصلے کے بعد یورو نیشنز کپ کے آغاز پر ابھی تک غیر یقینی صورتحال برقرار ہے، جس سے یورپی کرکٹ میں نئے مقابلوں کے امکانات پر سوالیہ نشان لگ گیا ہے۔