پاکستان کی سینئر اداکارہ بشریٰ انصاری نے کہا ہے کہ موجودہ دور میں رشتوں کی اہمیت اور محبت کا اظہار بھی پیسے اور مہنگے تحائف سے جوڑا جانے لگا ہے، یہاں تک کہ بعض اوقات خونی رشتوں میں بھی خلوص اور بے لوث وابستگی کم ہوتی محسوس ہوتی ہے۔
اداکاری کے ساتھ ساتھ یوٹیوب وی لاگز کے ذریعے مداحوں سے رابطے میں رہنے والی بشریٰ انصاری نے حال ہی میں اپنے یوٹیوب چینل پر شیئر کیے گئے ایک وی لاگ میں معاشرے کے بدلتے رویوں پر اظہارِ خیال کیا۔سینئر اداکارہ کا کہنا تھا کہ اب انہیں محسوس ہوتا ہے کہ کسی بھی رشتے میں محبت حاصل کرنے کے لیے بھی قیمت ادا کرنا پڑتی ہے۔ ان کے مطابق اگر آپ اپنے رشتے داروں اور عزیزوں پر پیسہ خرچ کرتے رہیں اور انہیں مہنگے تحائف دیتے رہیں تو ہی بعض اوقات تعلقات برقرار رہتے ہیں۔بشریٰ انصاری نے کہا کہ یہی صورتِ حال بچوں اور دوستوں کے معاملے میں بھی دکھائی دیتی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر آپ بچوں کو محبت دینے کے ساتھ ساتھ ان پر زیادہ خرچ بھی کریں تو وہ زیادہ خیال رکھتے ہیں، جبکہ دوستوں پر خرچ نہ کیا جائے تو بعض دوست دور ہو جاتے ہیں۔اداکارہ نے اس رویے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اب لوگوں سے محبت، خلوص اور حقیقی وابستگی حاصل کرنے کے لیے بھی کچھ نہ کچھ ادا کرنا پڑتا ہے۔ ان کے بقول رشتوں میں محبت کو مالی اخراجات سے جوڑ دینا ایک تلخ حقیقت بنتا جا رہا ہے۔