کیوی مڈل آرڈر بیٹر ڈیرل مچل نے ون ڈے کرکٹ میں اپنی مسلسل عمدہ کارکردگی سے بھارتی اسٹار بیٹرز شبمن گل، ویرات کوہلی اور کے ایل راہول کے لیے سخت مقابلے کی صورتحال پیدا کردی ہے۔
رواں دہائی میں ان کی بیٹنگ اوسط اور رنز بنانے کی صلاحیت نے انہیں دنیا کے نمایاں ون ڈے بیٹرز میں شامل کر دیا ہے۔اعداد و شمار کے مطابق رواں دہائی میں ون ڈے کرکٹ میں 2 ہزار سے زائد رنز اور 55 سے زیادہ کی اوسط رکھنے والے چار بیٹرز میں ڈیرل مچل واحد غیر بھارتی کھلاڑی ہیں۔اس فہرست میں شبمن گل 66.01 کی اوسط کے ساتھ پہلے نمبر پر ہیں، جبکہ ڈیرل مچل 57.36 کی اوسط کے ساتھ دوسرے نمبر پر موجود ہیں۔ ویرات کوہلی 55.55 اور کے ایل راہول 55.25 کی اوسط کے ساتھ اس فہرست میں شامل ہیں۔
جارحانہ بیٹنگ اور اسپن کے خلاف مہارت
ڈیرل مچل کی بیٹنگ کا نمایاں پہلو ان کا جارحانہ انداز ہے۔ وہ روایتی بیٹنگ اسٹائل کے بجائے اپنی طاقتور ہٹنگ اور مختلف شاٹس کے ذریعے حریف بولرز پر دباؤ ڈالنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔ابتدائی کیریئر میں انہیں اسپن بولنگ کھیلنے میں مشکلات کا سامنا رہا، تاہم مسلسل محنت اور نئے شاٹس پر عبور حاصل کرنے کے بعد انہوں نے اپنی اس کمزوری پر قابو پایا اور اسپنرز کے خلاف مؤثر بیٹنگ کا مظاہرہ شروع کردیا۔اعداد و شمار کے مطابق رواں دہائی میں مچل ون ڈے کرکٹ میں اسپنرز کے خلاف آگے بڑھ کر کھیلتے ہوئے 217 رنز بنا چکے ہیں، جبکہ سوئپ اور ریورس سوئپ شاٹس کے ذریعے اسپن بولنگ کے خلاف 335 رنز بھی اسکور کر چکے ہیں۔
بھارت کے خلاف مچل کی غیر معمولی کارکردگی
ڈیرل مچل کا بھارت کے خلاف ون ڈے ریکارڈ بھی خاصا نمایاں ہے۔ وہ اپنی 9 ون ڈے سنچریوں میں سے 4 سنچریاں بھارتی ٹیم کے خلاف بنا چکے ہیں، جو بھارتی بولنگ اٹیک کے خلاف ان کی کارکردگی کو ظاہر کرتا ہے۔جنوری میں بھارت کے خلاف کھیلی گئی سیریز میں بھی مچل نے اپنی بیٹنگ سے اہم کردار ادا کیا تھا۔ انہوں نے مسلسل دو اننگز میں پہلے 131 ناٹ آؤٹ اور پھر 137 رنز اسکور کیے، جس کی بدولت نیوزی لینڈ نے بھارت میں پہلی مرتبہ دو طرفہ ون ڈے سیریز جیتنے کا اعزاز حاصل کیا۔
اب نیوزی لینڈ کی ٹیم بھارت کے خلاف ایک اور سیریز میں کامیابی کے لیے میدان میں اترنے کی تیاری کر رہی ہے۔ ایسے میں ڈیرل مچل کی کارکردگی ایک بار پھر توجہ کا مرکز ہوگی، جبکہ بھارتی بولرز کے لیے انہیں روکنا اہم چیلنج ثابت ہوسکتا ہے۔