تندور پر روٹیاں خریدنے آئے عرفان کے کم قیمت ادا کرنے پر 16 سالہ نوجوان نے اعتراض کیا
عرفان مسلح ساتھیوں کے ہمراہ دوبارہ تندور پر پہنچا اور اندھا دھند فائرنگ کردی ، ملزم گرفتار
لاہور (کرائم رپورٹر) لاہور کے علاقے ساندہ میں روٹیوں کے پیسے کم دینے پر اعتراض کرنا 16 سالہ نوجوان کی جان لے گیا، مسلح ملزمان نے فائرنگ کرکے تندور پر کام کرنے والے فیضان کو قتل کردیا۔ پولیس کے مطابق ملزم عرفان تندور پر روٹیاں خریدنے آیا اور مقررہ قیمت سے کم رقم ادا کی، جس پر وہاں کام کرنے والے لڑکے نے اعتراض کیا تو ملزم مشتعل ہوگیا۔ بعدازاں عرفان اپنے مسلح ساتھیوں کے ہمراہ دوبارہ تندور پر پہنچا اور اندھا دھند فائرنگ کردی، جس کے نتیجے میں 16 سالہ فیضان شدید زخمی ہوکر جان کی بازی ہار گیا۔ واقعے کی سی سی ٹی وی فوٹیج بھی سامنے آگئی ہے، پولیس نے مرکزی ملزم عرفان عرف بھولا کو گرفتار کر لیا۔ دیگر ملزمان کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں