چیتا بازیاب، طوطوں کی تجارت پر 2گرفتار

وائلڈ لائف کی کارروائی، کم سن چیتا سفاری زو منتقل، ملزمان پر مقدمات درج کر لئے گئے 
لاہور (خصوصی رپورٹ)سینئر وزیر مریم اورنگزیب کی ہدایت پر محکمہ تحفظ جنگلی حیات و پارکس پنجاب کا صوبہ بھر میں تحفظ شدہ جنگلی جانوروں اور پرندوں کے تحفظ کے لیے کریک ڈا ئون جاری ہے۔ اس سلسلے میں وائلڈ لائف ٹیموں نے لاہور کے علاقے صوئے آصل میں ایک نجی بریڈنگ فارم پر چھاپہ مار کر غیر قانونی طور پر رکھا گیا چیتے کا کم سن بچہ بحفاظت بازیاب کرا لیا۔ بازیاب چیتے کو خصوصی نگہداشت کے لیے سفاری زو رائیونڈ روڈ منتقل کر کے ملزم کے خلاف تھانہ کاہنہ میں ایف آئی آر درج کرا دی گئی ہے۔محکمے کی دیگر کارروائیوں میں اسسٹنٹ چیف وائلڈ لائف رینجر سیالکوٹ نے گانیدار طوطوں کی غیر قانونی تجارت میں ملوث ملزم کو گرفتار کر کے 5 طوطے بر آمد کر لیے جنہیں بعد ازاں قدرتی ماحول میں آزاد کر دیا گیا۔ اسی طرح وہاڑی میں سائفن کے علاقے سے بٹیر کے 2 غیر قانونی نٹنگ گیئرز بر آمد کر کے قانونی چارہ جوئی شروع کر دی گئی ہے۔