سیشین کوڑیس: ایل سی ڈیز نصب کرنے کا حکم

 ایل سی ڈیز کی چوڑائی 14 انچ، لمبائی 20 انچ ہو گی، عدالت کے اندر کی کارروائی اردو میں ،عدالت سے باہر انگلش میں دیکھی جا سکے گی 
لاہور (خصوصی رپورٹ) ہائی کورٹ نے بیرون ملک موجود یا جان کے خطرے کے باعث عدالت میں پیش نہ ہو سکنے والے سائلین کے لیے بڑی سہولت فراہم کر دی ہے ہائی کورٹ کی ہدایت پر تمام سیشن ججوں کو عدالتوں کے اندر اور باہر ویڈیو لنک کے لیے ایل سی ڈیز نصب کرنے کا حکم جاری کیا گیا ہے۔ ان ایل سی ڈیز کی چوڑائی 14 انچ اور لمبائی 20 انچ ہو گی، جن پر عدالت کے اندر کی کارروائی اردو میں جبکہ عدالت سے باہر انگلش میں دیکھی جا سکے گی۔عدالتوں کے باہر ویڈیو لنک کے لیے مخصوص فارم آویزاں کیے جائیں گے، جہاں سے وکلاء یا سائلین فارم حاصل کر کے متعلقہ جج کو درخواست دیں گے کہ وہ بیان یا شہادت ویڈیو لنک کے ذریعے ریکارڈ کروانا چاہتے ہیں۔ہائی کورٹ کی جانب سے واضح کیا گیا ہے کہ ویڈیو لنک پر ریکارڈ ہونے والے بیان کی کاپی فراہم نہیں کی جائے گی۔ جو درخواست گزار ویڈیو لنک کے ذریعے شہادت یا بیان قلمبند کرانا چاہے گا، وہی اس کے تمام انتظامات اور گواہوں کو ایک جگہ اکٹھا کرنے کا پابند ہو گا۔ اس بیان سے متعلق جتنے بھی اخراجات آئیں گے، وہ سب درخواست گزار کو خود برداشت کرنا ہوں گے۔ہائی کورٹ کے اس انقلابی فیصلے پر عدالتی تعطیلات کے بعد عمل درآمد شروع کیا جائے گا، جس سے بیرون ملک مقیم پاکستانیوں اور دیگر مجبور سائلین کو بڑا ریلیف ملے گا۔