درخواست گزار نے ڈپٹی کمشنر کی بسنت اجازت معطل کرنے کی استدعا کی
پتنگ ڈور کے حادثات کے بعد عدالت سے حفاظتی اقدامات کی اپیل کی گئی
لاہور(کرائم رپورٹر) لاہور میں بسنت کی اجازت کے لیے ڈپٹی کمشنر کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کو لاہور ہائی کورٹ میں چیلنج کر دیا گیا ہے۔ درخواست ایڈووکیٹ اظہر صدیق کی جانب سے دائر کی گئی، جس میں موقف اختیار کیا گیا کہ ڈپٹی کمشنر لاہور نے 6، 7 اور 8 فروری کو بسنت منانے کی مشروط اجازت کا نوٹیفکیشن جاری کیا ہے۔درخواست میں کہا گیا کہ پچھلے چند دنوں میں پتنگ کی ڈور پھنسنے کے واقعات میں ایک بچی اور نوجوان شدید زخمی ہو چکے ہیں، اور ماضی میں بھی پتنگ بازی کے واقعات کی وجہ سے جانوں کا نقصان ہوا ہے۔ درخواست گزار نے استدعا کی ہے کہ عدالت ڈپٹی کمشنر کو جاری نوٹیفکیشن واپس لینے کا حکم دے اور مرکزی درخواست کے حتمی فیصلے تک نوٹیفکیشن معطل کرے۔درخواست میں پنجاب حکومت سمیت دیگر متعلقہ فریقین کو بھی شامل کیا گیا ہے۔ موقف اختیار کیا گیا کہ دو روز قبل ڈور سے 2 سالہ بچی شدید زخمی ہو گئی تھی، جس سے بسنت کے دوران خطرات واضح ہو گئے ہیں۔واضح رہے کہ پنجاب حکومت نے شہری سہولت کے لیے بسنت کے دوران 6، 7 اور 8 فروری کو لاہور میں فری بسیں اور رکشے چلانے کا اعلان کیا ہے۔ وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے بتایا کہ لوگوں کی حفاظت کے لیے آج سے پتنگوں اور ڈور سے متعلق مینوفیکچرنگ کی اجازت دی جا رہی ہے اور شہری کم سے کم موٹر سائیکل استعمال کریں۔