قصور کے علاقے الہ آباد چونیاں روڈ پر ایک گاڑی میں ایل پی جی گیس بھرتے وقت اچانک آگ لگ گئی، جس کے نتیجے میں گاڑی چند لمحوں میں مکمل طور پر جل کر خاکستر ہو گئی اور تین افراد شدید جھلس گئے۔
ریسکیو ذرائع کے مطابق زخمی ہونے والوں میں گاڑی کا ڈرائیور غلام رسول، گیس دکاندار رانا عثمان اور گیس بھرنے والا مزدور ارسلان شامل ہیں۔ زخمیوں کی حالت تشویشناک ہونے کے باعث انہیں فوری طور پر لاہور کے جناح اسپتال منتقل کیا گیا۔آتشزدگی کے نتیجے میں گاڑی مکمل طور پر جل گئی اور لاکھوں روپے کا نقصان ہوا۔ الہ آباد پولیس نے موقع پر پہنچ کر تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے، جبکہ ریسکیو ٹیموں نے بروقت کارروائی کر کے آگ پر قابو پایا اور مزید نقصان سے بچا لیا۔