مذاکرات کی پیشکش جعلی وزیراعظم کی طرف سے دی گئی:علیمہ خان

راولپنڈی (آئی این پی )بانی پاکستان تحریک انصاف و سابق وزیراعظم عمران خان کی بہن علیمہ خان نے کہا ہے  مذاکرات کی پیشکش تحفظ آئین پاکستان کی جانب سے نہیں جعلی وزیراعظم کی طرف سے دی گئی۔   اڈیالہ جیل کے قریب گورکھپور فیکٹری ناکے پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے علیمہ خان نے کہا کہ مذاکرات سے متعلق کہا جا رہا ہے کہ تحفظ آئین پاکستان کی کمیٹی آپ سے ملاقات کرے گی اور آپ کو اعتماد میں لے گی  تاہم انہوں نے اس بات کی سختی سے تردید کرتے ہوئے کہا کہ کسی کمیٹی کے بارے میں میں کچھ نہیں جانتی، ہمیں تو  بانی پی ٹی آئی کی جانب سے وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل افریدی کو  سٹریٹ موومنٹ شروع کرنے کا کہا گیا ہے۔ علیمہ خان نے کہا کہ  تینوں بہنیں فیصلہ کر کے آئی ہیں کہ بانی سے ملاقات کے بغیر واپس نہیں جائیں گی چاہے ہمارے ساتھ کوئی ہو یا نہ ہو، واٹر کینن استعمال کریں، آنسو گیس چلائیں، لاٹھی چارج کریں، گرفتار کریں، کچھ بھی کر لیں، ہم ملاقات کے بغیر نہیں جائیں گی