2025 : گوگل پر سب سے زیادہ عمران خان کو سرچ کیاگیا:رپورٹ

 کرکٹر میں حسن نواز، عرفان خان نیازی، صاحبزادہ فرحان، محمد عباس اور صائم ایوب سرفہرست رہے
 اداکارہ ماہرہ خان، اقرا عزیز اور ہانیہ عامر انٹرنیٹ پر سب سے زیادہ مقبول رہیں:گوگل کی سالانہ رپورٹ جاری 
 واشنگٹن (آئی این پی)2025 میں پاکستانی انٹرنیٹ صارفین  کی جانب سے  گوگل پر  بانی پی ٹی آئی عمران خان سب سے زیادہ سرچ کی جانے والی پاکستانی شخصیت رہے جبکہ  ایتھلیٹس کی فہرست میں  بھارتی کرکٹر ابھشیک شرما سب سے زیادہ سرچ کیے جانے والے کھلاڑی بن کر ابھرے ہیں۔گوگل رپورٹ  کے مطابق سال 2025 میں پاکستانیوں کی سرچ ترجیحات اوردلچسپیاں سامنے آ گئیں۔ رپورٹ کے مطابق پاکستانی صارفین نے مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والی شخصیات میں غیر معمولی دلچسپی ظاہر کی ہے، تاہم اس سال کے ٹرینڈز میں ایک دلچسپ اور حیران کن حقیقت کے طورپر ایتھلیٹس کی فہرست میں سرحد پار سے تعلق رکھنے والے بھارتی کرکٹر ابھشیک شرما سب سے زیادہ سرچ کیے جانے والے کھلاڑی بن کر ابھرے ہیں۔مقامی کرکٹ کے حوالے سے بھی انٹرنیٹ صارفین کافی متحرک رہے اور انہوں نے حسن نواز، عرفان خان نیازی، صاحبزادہ فرحان، محمد عباس اور صائم ایوب جیسے ابھرتے ہوئے ستاروں کے بارے میں معلومات حاصل کرنے میں گہری دلچسپی دکھائی۔سیاسی شخصیات کے بعد جس نام نے انٹرنیٹ پر سب سے زیادہ دھوم مچائی وہ سابق فاسٹ بولر شعیب اختر اور معروف گلوکار عاطف اسلم ہیں،جو اپنی اپنی فیلڈز میں عوامی مقبولیت کے لحاظ سے نمایاں پوزیشن پر رہے۔شوبزانڈسٹری کے حوالے سے رپورٹ کے مطابق رواں برس اداکارہ ماہرہ خان، اقرا عزیز اور ہانیہ عامر انٹرنیٹ پر سب سے زیادہ مقبول رہیں اور ان کی نجی و پیشہ ورانہ زندگی صارفین کے لیے مرکزِ نگاہ بنی رہی۔مرد اداکاروں میں فہد مصطفی اور وہاج علی بھی سرچ ٹرینڈز میں سرفہرست رہے، جبکہ دانش تیمور اپنے حالیہ ڈرامہ سیریل شیر کی غیر معمولی کامیابی کی وجہ سے خبروں اور سرچ انجن پر چھائے رہے