پشاور ہائی کورٹ نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی رہنما نادیہ خٹک کو 21 جنوری تک حفاظتی ضمانت دے دی ہے اور حکم دیا کہ انہیں کسی بھی مقدمے میں گرفتار نہ کیا جائے۔
یہ فیصلہ نادیہ خٹک کی جانب سے مقدمات کی تفصیل اور حفاظتی ضمانت کے لیے دائر درخواست کی سماعت کے دوران آیا۔ عدالت کی سماعت جسٹس کامران حیات میاں خیل اور جسٹس ڈاکٹر خورشید اقبال پر مشتمل تھی۔سماعت کے دوران درخواست گزار کے وکیل نے کہا کہ نادیہ خٹک کے خلاف مقدمات درج کیے گئے ہیں، لیکن ان کی تفصیلات ابھی تک فراہم نہیں کی گئیں۔ جسٹس کامران حیات میاں خیل نے اس بات پر ریمارکس دیے کہ وفاقی حکومت سے مقدمات کی تفصیل طلب کی جا رہی ہے۔
عدالت نے وفاقی حکومت اور دیگر متعلقہ اداروں سے درخواست گزار کے خلاف درج مقدمات کی تفصیلات طلب کرتے ہوئے نادیہ خٹک کو 21 جنوری تک حفاظتی ضمانت فراہم کی۔ عدالت نے یہ بھی کہا کہ نادیہ خٹک کو اس دوران کسی بھی مقدمے میں گرفتار نہ کیا جائے۔مقدمات کی تفصیل آئندہ سماعت پر عدالت میں پیش کرنے کی ہدایت دی گئی۔