2جنوری اجلاس میں پی ٹی آئی 9 مئی ،26 نومبر کے واقعات پر جوڈیشل کمیشن اور کارکنوں کی رہائی کا مطالبہ کریگی
اسلام آباد (بیورو رپورٹ) تحریک انصاف نے مشاورت کے بعد 2 مطالبات حکومت کے سامنے رکھنے کا فیصلہ کر لیا۔ جبکہ سپیکر قومی اسمبلی نے مذاکراتی کمیٹیوں کا اجلاس 2 جنوری کو طلب کر لیا ہے۔ذرائع کے مطابق تحریک انصاف کے رہنمائوں نے جوڈیشل کمیشن بنانے اور قیدیوں کی رہائی کے مطالبے پر مشاورت کی۔تحریک انصاف تحریری طور پر دو ہی مطالبات حکومتی ٹیم کے سامنے رکھے گی، پی ٹی آئی 9 مئی اور 26 نومبر واقعات کی تحقیقات کے لیے جوڈیشل کمیشن کاتحریری مطالبہ رکھے گی۔ذرائع کا کہنا ہے کہ تحریک انصاف جیلوں میں بند اپنے کارکنوں کی رہائی کا تحریری مطالبہ سامنے رکھے گی۔دوسری جانب رہنما پی ٹی آئی اسد قیصر کا کہنا تھاکہ ہمارے مطالبات واضح ہیں اور بانی کی رہائی سمیت کمیشن بنایا جائے، ملک کو آگے لے جانے کے لیے ہر ممکن تعاون کی کوشش کریں گے۔ان کا کہنا تھاکہ تمام مذاکرتی ٹیم کے ارکان اگلی نشست کا حصہ ہوں گے۔سپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق نے حکومت اور اپوزیشن کے درمیان ہونے والے مذاکرات کے دوسرے رائونڈ کے لیے 2جنوری 2025 کو مذاکراتی کمیٹی کا اجلاس طلب کرلیا۔ان کیمرہ اجلاس پارلیمنٹ ہائوس میں دن 11 بجے ہو گا اس حوالے سے سپیکر سیکرٹریٹ نے نوٹس جاری کر دیا۔ادھر چیئرمین تحریک انصاف بیرسٹر گوہرعلی خان نے کہا ہے کہ حکومت اور اپوزیشن میں مذاکرات کی کامیابی پاکستان کی کامیابی ہوگی۔ بیرسٹر گوہر کا اپنے بیان میں کہنا تھا کہ حکومت اور اپوزیشن مذاکراتی کمیٹیوں کے تمام ارکان بہترین سیاسی بصیرت کے حامل ہیں، اپوزیشن کی مذاکراتی کمیٹی کے تمام ارکان 2 جنوری کے اجلاس میں شریک ہوں گے۔انہوں نے کہا کہ امید ہے فریقین مذاکرات میں کھلے دل اور نیک نیتی کا مظاہرہ کریں گے، مذاکرات میں سنجیدہ کوششیں مثبت نتائج تک ضرور پہنچا دیتی ہیں، پرامید ہیں کہ مذاکراتی کمیٹیاں کم وقت میں کوئی حل نکال لیں گی۔ادھرہائوس آف لارڈز کے رکن لارڈ قربان حسین نے قائد حزب اختلاف عمر ایوب سے پارلیمنٹ ہائوس اسلام آباد میں اپوزیشن چیمبر میں ملاقات کی۔دونوں رہنمائوں نے جمہوریت کو مضبوط بنانے اور پاک برطانیہ تعلقات کو مزید گہرا کرنے پر تبادلہ خیال کیا۔ دونوں رہنماوں نے پاکستان کے موجودہ سیاسی ماحول پر اظہار خیال کیا۔ اس موقع عمر ایوب نے کہاکہ افراد کی بجائے مضبوط جمہوری ادارے، اور جبر کے بجائے اظہار رائے کی آزادی جمہوریت کا بنیادی حصہ ہے۔ عمر ایوب نے لارڈ قربان حسین کے اصولی موقف اور برطانیہ میں پاکستان کے لیے ان کی مسلسل حمایت کو سراہا۔