سٹاک مارکیٹ میں ز بردست تیزی‘432ارب کی سرمایہ کاری

ارجنٹائن کے بعد عالمی سطح پر دوسری بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والی مارکیٹ بن گئی
ہنڈریڈ انڈیکس 3900پوائنٹس بڑھ گیا ‘ 71.91فیصد حصص کی قیمتیں بھی بڑھ گئیں

کراچی(آن لائن)پاکستان سٹاک ایکس چینج ارجنٹائن کے بعد عالمی سطح پر دوسری بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والی مارکیٹ بن گئی ،کلینڈر سال 2024 کے اختتام سے 1دن قبل پاکستان اسٹاک مارکیٹ میں زبردست تیزی کا رجحا ن رہا ،ہنڈریڈ انڈیکس 3900پوائنٹس بڑھ گیا اور مارکیٹ میں 4نفسیاتی حد بحال ہو گئی ،انڈیکس 1لاکھ 11ہزار سے بڑھ کر 1لاکھ15ہزار پوائنٹس کی سطح پر بند ہوا جبکہ مارکیٹ کے سرمائے میں 432ارب روپے سے زائد کااضافہ ریکارڈ کیا جس کے نتیجے میں سرمائے کا مجموعی حجم 14126ارب روپے سے بڑھ کر 14558ارب روپے ہو گیا جبکہ 71.91فیصد حصص کی قیمتیں بھی بڑھ گئیں۔  کاروباری ہفتے کے پہلے روز آٹوموبائل اسمبلرز، سیمنٹ، کیمیکل، کمرشل بینکوں، فرٹیلائزر، تیل و گیس کی تلاش کرنے والی کمپنیوں، او ایم سیز اور بجلی کی پیداوار سمیت اہم شعبوں میں خریداری دیکھی گئی۔ گزشتہ سال کے دوران پی ایس ایکس 2024 میں پاکستان کے اثاثہ جات کی کلاسز میں سرفہرست کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والا بن کر ابھرا ہے، کے ایس ای 100 انڈیکس میں 78 فیصد اضافہ ہوا ہے جس سے یہ ارجنٹائن کے بعد عالمی سطح پر دوسری بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والی مارکیٹ بن گئی ہے۔