قصور (خصوصی رپورٹ) قصور کے نواحی علاقے مصطفی آباد میں رینجرز اور مبینہ سمگلروں کے درمیان فائرنگ کے تبادلے میں ایک شخص زخمی حالت میں گرفتار جبکہ تین ملزمان فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔ رپورٹ کے مطابق 28 ستمبر 2025 کو پاکستان رینجرز حکیم شہید 24 ونگ کے ایس آئی محمد طاہر اسلام نے تھانہ مصطفی آباد میں مقدمہ درج کرایا کہ انہیں اطلاع ملی تھی کہ نامعلوم افراد بھارت سے ہیروئن سمگل کرنے کی کوشش کریں گے۔ اس اطلاع پر انسپکٹر محمد اشفاق کی نگرانی میں زیرو لائن چٹھیانوالہ پر ناکہ بندی کی گئی جہاں چار مشکوک افراد کو رکنے کا اشارہ دینے پر ملزمان نے فائرنگ شروع کردی۔ جوابی کارروائی کے دوران تین افراد رات کے اندھیرے اور کھیتوں کا فائدہ اٹھا کر فرار ہوگئے جبکہ ایک شخص زخمی حالت میں گرفتار ہوا جس کی شناخت ہاشم کے نام سے ہوئی۔ گرفتار زخمی ملزم کے قبضے سے 9 ایم ایم پستول، 21 را ئونڈ، 30 بور کے را ئونڈ اور 303 گرام ہیروئن بر آمد ہوئی۔ زخمی کو علاج کے لیے سروسز ہسپتال لاہور منتقل کردیا گیا جبکہ پولیس نے مقدمہ درج کرکے مزید تفتیش شروع کر دی ہے ۔