لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے کہا ہے کہ کوئی بھی ملک بدلتے ہوئے تقاضوں اور جدید دور کی ضروریات سے ہم آہنگ ہوئے بغیر ترقی نہیں کر سکتا، دنیا تیزی سے تبدیل ہو رہی ہے اور صنعت سمیت زندگی کا ہر شعبہ اس تبدیلی کے عمل سے گزر رہا ہے۔
ترقی کے لیے جدید تقاضوں کو اپنانا اور کاروبار کے لیے سازگار ماحول فراہم کرنا ناگزیر ہے۔لاہور میں پنجاب انوویشن فار ویلیو، آپرچیونٹی اینڈ ٹرانسفارمیشن کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کا کہنا تھا کہ پنجاب آبادی کے لحاظ سے پاکستان کا سب سے بڑا صوبہ ہے اور ملکی معیشت میں اسے اہم مقام حاصل ہے۔ قومی مجموعی پیداوار (جی ڈی پی) میں پنجاب کا نمایاں حصہ ہے، جبکہ صوبے میں مختلف صنعتی شعبے بھی ترقی کر رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ دنیا میں تیزی سے تبدیلیاں رونما ہو رہی ہیں اور آج صنعت سمیت ہر شعبہ جدید ٹیکنالوجی، جدت اور نئے تقاضوں کے مطابق خود کو تبدیل کر رہا ہے۔ ایسے حالات میں پاکستان اور پنجاب کو بھی ترقی کے نئے مواقع سے فائدہ اٹھانے کے لیے جدت اور تبدیلی کو اپنانا ہوگا۔وزیراعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ پنجاب میں فارماسیوٹیکل انڈسٹری تیزی سے ترقی کر رہی ہے، جو صوبے کی صنعتی اور معاشی سرگرمیوں میں اہم کردار ادا کر سکتی ہے۔ ان کے مطابق قومی معیشت میں پنجاب کی اہمیت کے پیش نظر صوبے میں کاروبار، صنعت اور سرمایہ کاری کے فروغ کے لیے سازگار حالات پیدا کرنا ضروری ہے۔
مریم نواز شریف نے نوجوان آبادی کو پاکستان کا سب سے بڑا اثاثہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ نوجوانوں کی صلاحیتوں سے فائدہ اٹھا کر ملک کی ترقی کے نئے راستے کھولے جا سکتے ہیں۔ نوجوانوں کو مواقع فراہم کرنا اور انہیں معاشی سرگرمیوں کا حصہ بنانا وقت کی اہم ضرورت ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ کاروباری سرگرمیوں کے فروغ کے لیے تاجروں اور صنعت کاروں کو ذہنی سکون اور اعتماد فراہم کرنا ضروری ہے۔ کاروبار کے لیے سازگار ماحول کی فراہمی میں امن و امان بنیادی اہمیت رکھتا ہے، کیونکہ بدامنی اور بے یقینی کی فضا میں کاروباری سرگرمیاں جاری رکھنا مشکل ہو جاتا ہے۔وزیراعلیٰ نے احتجاج اور توڑ پھوڑ کے ماحول پر سوال اٹھاتے ہوئے کہا کہ جہاں روزانہ احتجاج اور توڑ پھوڑ ہو، وہاں محنت کش کس طرح کام کر سکے گا؟ ان کا کہنا تھا کہ کاروبار اور صنعت کی ترقی کے لیے امن، استحکام اور سازگار ماحول ضروری ہے۔