برطانوی اداکار سر پیٹرک سٹیورٹ 86 برس کی عمر میں انتقال کر گئے

برطانوی اداکار سر پیٹرک سٹیورٹ 86 برس کی عمر میں انتقال کر گئے

عالمی شہرت یافتہ برطانوی اداکار سر پیٹرک سٹیورٹ 86 برس کی عمر میں انتقال کر گئے۔

ان کے انتقال کی خبر سامنے آنے کے بعد دنیا بھر سے مداحوں، ساتھی فنکاروں اور شوبز شخصیات کی جانب سے گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا جا رہا ہے۔تفصیلات کے مطابق سر پیٹرک سٹیورٹ نے لاس اینجلس میں واقع اپنی رہائش گاہ پر آخری سانس لی۔ ان کے سوشل میڈیا اکاؤنٹ پر جاری بیان میں ان کے انتقال کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا گیا کہ وہ الزائمر بیماری اور لیوی باڈی ڈیمینشیا کے ساتھ ایک مختصر عرصے کی جدوجہد کے بعد دنیا سے رخصت ہوئے۔ اس دوران ان کی اہلیہ سنی اوزل ان کے ساتھ موجود تھیں۔سر پیٹرک سٹیورٹ کا شمار برطانیہ کے نامور اسٹیج اور ٹیلی ویژن اداکاروں میں ہوتا تھا۔ ان کا فنی سفر چھ دہائیوں سے زائد عرصے پر محیط رہا، جس دوران انہوں نے تھیٹر، ٹیلی ویژن اور فلموں میں اپنی غیر معمولی اداکاری کے ذریعے عالمی شہرت حاصل کی۔

وہ خاص طور پر مشہور سائنس فکشن سیریز اسٹار ٹریک: دی نیکسٹ جنریشن میں کیپٹن جین لوک پکارڈ کے کردار اور فلمی سیریز ایکس مین میں پروفیسر چارلس زیویئر کے کردار کے باعث دنیا بھر میں پہچانے جاتے تھے۔انہوں نے اپنے کیریئر کا آغاز تھیٹر سے کیا اور رائل شیکسپیئر کمپنی کے ساتھ طویل عرصے تک کام کیا۔ ویسٹ اینڈ اور براڈوے کے تھیٹر میں بھی انہوں نے متعدد اہم کردار ادا کیے، جبکہ شیکسپیئر کے کئی مشہور ڈراموں میں ان کی پرفارمنس کو بے حد سراہا گیا۔سر پیٹرک سٹیورٹ کو فن اور ڈرامے کے شعبے میں نمایاں خدمات کے اعتراف میں 2010 میں برطانوی اعزاز نائٹ ہڈ سے بھی نوازا گیا تھا۔ انہیں اپنے فنی کیریئر کے دوران متعدد بین الاقوامی اعزازات اور ایوارڈز کے لیے نامزد کیا گیا، جبکہ انہوں نے گریمی ایوارڈ بھی حاصل کیا۔