اختلافات اپنی جگہ وفاق صوبے میں امن کیلئے ایف سی پلاٹونز فراہم کرے، وزیراعلیٰ کے پی

اختلافات اپنی جگہ وفاق صوبے میں امن کیلئے ایف سی پلاٹونز فراہم کرے، وزیراعلیٰ کے پی

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور نے کوہاٹ میں ایک گرینڈ جرگے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وفاقی اور صوبائی حکومتوں کے درمیان سیاسی اختلافات اپنی جگہ پر ہیں، لیکن علاقے میں امن کے قیام کے لیے وفاقی حکومت کو ایف سی کے پلاٹونز فراہم کرنے چاہیے۔

انہوں نے سیکیورٹی اہلکاروں کو ہدایت دی کہ جو بھی امن کو خراب کرے گا، اس کے ساتھ دہشت گردوں والا سلوک کیا جائے۔ گنڈاپور نے کہا کہ صوبائی حکومت کی درخواست پر فوج علاقے میں امن کے قیام کے لیے تعینات ہے اور فوج، پولیس اور انتظامیہ مل کر پائیدار امن کے لیے کوششیں کر رہے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ علاقے میں قائم تمام مورچے بلا تفریق ختم کیے جائیں گے۔وزیراعلیٰ نے گرینڈ جرگے کے اراکین سے کہا کہ وہ علاقے میں مکمل امن کے قیام تک اپنا کردار ادا کریں اور مقامی کمیونٹی کو یہ بھی ہدایت دی کہ وہ امن خراب کرنے والوں کی نشاندہی کرے۔

 علی امین گنڈاپور نے اس بات پر بھی زور دیا کہ فریقین کے درمیان نفرت کی فضا کو ختم کرنے کے لیے مقامی عمائدین اپنا کردار ادا کریں۔انہوں نے علاقے میں لوگوں کے پاس موجود بھاری اسلحہ جمع کرنے کی ہدایت دی، اور سرحدی علاقے کے لوگوں سے درخواست کی کہ وہ اپنے اسلحہ کو امانتاً جمع کرائیں۔ ان کا کہنا تھا کہ جو بھی ہتھیار اٹھائے گا وہ دہشت گرد کہلائے گا اور اس کا انجام جہنم ہوگا۔وزیراعلیٰ نے عارضی طور پر بے گھر ہونے والے افراد کے لیے فنڈز ترجیحی بنیادوں پر جاری کرنے کا وعدہ کیا اور اس بات کی یقین دہانی کرائی کہ صوبائی حکومت ان بے گھر افراد کی باعزت واپسی کو یقینی بنائے گی۔