شملہ پہاڑی،گلبرگ ، فتح گڑھ،تاجپورہ، شاد باغ، باغبانپورہ اور مغلپورہ میں لاری ہائیڈرینٹس کو چالو کر دیا گیا
لاہور (کرائم رپورٹر) لاہور میں گرمی کی شدت میں اضافے اور ہیٹ ویو کے پیشِ نظر واسا نے پانی کی فراہمی کو یقینی بنانے کیلئے ہنگامی اقدامات شروع کر دئیے۔ لاری ہائیڈرینٹس کو پہلی بار فعال کر دیا گیا ، واٹر ٹینکرز کے ذریعے پانی کی فوری سپلائی کا آغاز کیا جائے گا۔ واسا کے تمام ڈائریکٹرز کو نیا حکم نامہ جاری کر دیا گیا۔تفصیل کے مطابق گرمی کی شدت میں اضافے اور ہیٹ ویو کے باعث واسا نے شہریوں کو صاف پانی کی بلاتعطل فراہمی یقینی بنانے کیلئے ٹیوب ویلز کے اوقات کار میں اضافہ کر دیا ، جبکہ پہلی بار شہر کے 26 مقامات پر ہائیڈرینٹس کو مکمل طور پر فعال کر دیا گیا ۔ ہائیڈرینٹس واٹر ٹینکرز کے ذریعے فوری طور پر مختلف علاقوں میں پانی پہنچانے کیلئے استعمال کئے جائیں گے۔ واسا کے مطابق شہر کے تمام متاثرہ علاقوں میں فیلڈ سٹاف کو الرٹ کر دیا گیا ۔گلبرگ ٹائون میں شملہ پہاڑی اور گلبرگ کے علاقوں، واہگہ ٹائون میں فتح گڑھ اور تاجپورہ، شالیمار ٹائون کے شاد باغ، باغبانپورہ اور مغلپورہ میں ہائیڈرینٹس کو آپریشنل کر دیا گیا ۔ راوی ٹائون کے علاقوں شاہدرہ، فرخ آباد اور سٹی سب ڈویڑن، جبکہ گنج بخش ٹائون کے گلشن راوی، اسلام پورہ، انارکلی،راوی روڈ ،نشتر ٹائون کے گرین ٹائون اور نشتر کالونی سمیت سبزہ زار اور علامہ اقبال ٹائون میں بھی ہائیڈرینٹس کے ذریعے پانی فراہمی کا عمل جاری ہے۔ واسا کے مطابق درجہ حرارت مزید بڑھنے کی صورت میں واٹر ٹینکرز کو مختلف علاقوں میں کھڑا کیا جائے گا۔