حکومت مالیاتی نظم و نسق کو بہتر بنانے کے لئے نجکاری پر بھی توجہ دے رہی ہے
خسارے میں چلنے والے سرکاری اداروں کی نجکاری ناگزیر ہے:خرم شہزاد کا خطاب
لاہور(آئی این پی )وفاقی وزیرخزانہ کے مشیر خرم شہزاد نے کہا ہے ملک معاشی بہتری کی جانب گامزن ہے،اہداف حاصل کرنے کیلئے سیاسی استحکام ضروری ہے۔گزشتہ روز یہاں مقامی ہوٹل میں انسٹیٹیوٹ آف چارٹرڈ اکائونٹنٹس آف پاکستان(آئی سی اے پی) کے زیر اہتمام سی ایف او کانفرنس2025 رائیڈنگ اکنامک ویو:کیا ہم رفتار حاصل کر رہے ہیں؟ کے موضوع پر خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ حالیہ پاک بھارت جنگ کے بعد پاکستان کو پوری دنیا سے انتہائی مثبت جواب ملا کیونکہ پاکستان نے اپنی سر زمین پر بھارتی حملوں کا منہ توڑ جواب دینے کے ساتھ ساتھ بہترین سفارت کاری کا مظاہرہ کرتے ہوئے دنیا کو بھی بتایا کہ پاکستان پرامن ملک ہے۔خرم شہزاد نے کہا کہ جنگ کے بعد پاکستان اس عالمی تبدیلی سے فائدہ اٹھا رہا ہے جس نے اس کیلئے بے پناہ مواقع پیدا کئے ہیں،اسی سلسلہ میں وزیر اعظم محمد شہباز شریف اپنی ٹیم کے ارکان کے ہمراہ ترکیہ ،ایران اور وسطی ایشیا کا دورہ کیا۔انہوں نے کہا کہ اب بہت سے ممالک پاکستان کے ساتھ اپنے تجارتی اور اقتصادی تعلقات قائم کرنے یا بڑھانے کے خواہشمند ہیں۔ ہمسایہ ملک چین ہمارا ہر وقت میں آزمایا ہوا گہرا دوست اور تجارتی شراکت دار ہے اور دونوں ممالک اپنے اقتصادی تعلقات کو بہتر کر رہے ہیں۔