2گھنٹوں میں 2 ٹرین حادثات، 2افراد جاں بحق

لاری اڈا میں ٹریک عبور کرتا نعیم ٹرین تلے آیا،اختر آباد کے قریب سرفراز باہر جھانکتے پول سے ٹکراگیا
اوکاڑہ (خصوصی رپورٹ)اوکاڑہ میں دو گھنٹوں کے دوران دو ٹرین حادثات میں 2افراد جاں بحق ہو گئے۔لاری اڈا میں علی رضا ہوٹل کے قریب ریلوے ٹریک عبور کرتا نوجوان ٹرین کی زد میں آجانے کے باعث جان کی بازی ہار گیا، جس کی شناخت شفقت بلاک 27 والا روڈ کے رہائشی ، 35 سالہ محمد نعیم ولد عبد اللطیف کے نام سے ہوئی ہے۔دوسرا حادثہ اختر آباد کے قریب ہوا، جہاں ٹرین میں سفر کے دوران ایک شخص نے ٹرین کے دروازے سے باہر جھانکا تو مبینہ طور پر اچانک بجلی کے پول سے ٹکرا گیا جس کے نتیجے میں شدید زخمی ہونے کے باعث جاں بحق ہو گیا، جس کی شناخت چک نمبر 22 جی ڈی اوکاڑہ کے رہائشی سرفراز علی ولد محمد شریف کے نام سے ہوئی ہے حادثات کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو ٹیمیں فوری جائے حادثہ پر پہنچ گئیں اور دونوں افراد کی لاشیں تحویل میں لے کر ضروری کارروائی کیلئے قریبی ہسپتال منتقل کر دیں۔ پولیس نے دونوں واقعات کی تحقیقات شروع کر دی ہیں۔ ٹرین میں سفر کرنے والا مسافر مبینہ طور پر بجلی کے پول سے ٹکرا کرجاں بحق ہوا۔