ہرپاکستانی ملک کی آنکھ اور کان بنے ‘مشتبہ سرگرمی کی فوری اطلاع حکام کو دیں آصف زرداری

 انسانی سمگلنگ محض  قانونی جرم نہیں بلکہ ہمارے عہد میں انسانی حقوق کی سنگین ترین خلاف ورزیوں میں سے ایک ہے:انسداد سمگلنگ کے عالمی دن پر پیغام 
اسلام آباد(آن لائن)صدر مملکت آصف علی زرداری نے کہا ہے  انسانی سمگلنگ محض ایک قانونی جرم نہیں بلکہ ہمارے عہد میں انسانی حقوق کی سنگین ترین خلاف ورزیوں میں سے ایک ہے اورہرپاکستانی سے اپیل کی ہے کہ وہ اپنے ملک کی آنکھ اور کان بنے۔ شہری غیر مصدقہ بیرونِ ملک ملازمت کی پیشکشوں، غیر محفوظ سفری انتظامات، لاپتا بچوں یا استحصال کا شکار مزدوروں جیسے خطرے کی علامات کو پہچانیں اور کسی بھی مشتبہ سرگرمی کی فوری اطلاع متعلقہ حکام کو دیں۔ عالمی یومِ انسدادِ انسانی اسمگلنگ  کے موقع پر  پیغام میں صدر آصف علی زرداری نے کہا یہ بین الاقوامی جرم نہ سرحدوں کا احترام کرتا ہے، نہ قومیتوں کا اور نہ ہی سماجی یا معاشی حیثیت کا۔ بہتر مستقبل کی تلاش میں نکلنے والے، معاشی مواقع کے خواہش مند یا تنازعات سے بچنے کے لیے نقل مکانی کرنے والے افراد کو مجرمانہ گروہ بے رحمی سے اپنا نشانہ بناتے ہیں۔ اس کا نتیجہ اکثر قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع کی صورت میں نکلتا ہے، خصوصاً سمندری راستوں سے غیر قانونی سفر کے دوران۔ اس نوعیت کے بڑے چیلنج سے نمٹنے کے لیے منتشر اور غیر مربوط اقدامات کافی نہیں، بلکہ اس کے لیے متحد، مسلسل اور عالمی سطح پر مربوط ردِعمل ناگزیر ہے