سلمان خان سے ملنے کی خواہش میں دہلی کے 3 کم عمر مداح گھر سے بھاگ گئے، پولیس نے بازیاب کرلیا

سلمان خان سے ملنے کی خواہش میں دہلی کے 3 کم عمر مداح گھر سے بھاگ گئے، پولیس نے بازیاب کرلیا

بھارت میں بالی وڈ سپر اسٹار سلمان خان سے ملاقات کی خواہش نے 3 کم عمر بچوں کو گھر سے بھاگنے پر مجبور کردیا۔

 دہلی سے تعلق رکھنے والے ان بچوں کی عمریں 9، 11 اور 13 سال بتائی جارہی ہیں، جو ایک ہی اسکول میں زیر تعلیم تھے۔

 نوٹ سے انکشاف
بھارتی میڈیا کے مطابق، ایک بچے نے گھر سے فرار ہونے سے قبل ایک نوٹ چھوڑا جس میں اس نے لکھا:"ہم ایک آن لائن گیمنگ پلیٹ فارم پر واحد نامی شخص سے ملے ہیں، جس نے بتایا کہ وہ سلمان خان سے مل چکا ہے اور ہمیں بھی ان سے ملوائے گا۔ ہم پہلے ’جلنا‘ مہاراشٹرا جا رہے ہیں اور پھر ممبئی جا کر سلمان خان سے ملاقات کریں گے۔"

 پولیس کا آپریشن اور بچوں کی بازیابی
والدین نے بچوں کے لاپتہ ہونے پر فوری طور پر پولیس میں رپورٹ درج کرائی۔ پولیس نے بچوں کے کال ریکارڈز کے ذریعے واحد سے رابطہ کرنے کی کوشش کی، لیکن معاملہ پولیس تک پہنچنے پر وہ شخص بچوں کو ٹرین میں چھوڑ کر فرار ہوگیا۔پولیس نے بعد ازاں تینوں بچوں کو ناشق ریلوے اسٹیشن سے بازیاب کر لیا جبکہ واحد کو اس مقام کے بعد ٹریس نہیں کیا جا سکا۔

 پولیس کا موقف
پولیس حکام نے کہا کہ یہ واقعہ آن لائن گیمز اور غیر محفوظ انٹرنیٹ روابط کے خطرات کو ظاہر کرتا ہے، اور والدین کو چاہیے کہ بچوں کی سرگرمیوں پر کڑی نظر رکھیں۔