احمد بھچرکے بعد عمر ایوب بھی نااہل ہوں گے، علیمہ خان

صرف ہمارے ایک وکیل کو اندر جانے دیا ،فیئر ٹرائل کی امید نہیں
دیوار پر لکھا نظر آرہا تھا ہمارے لوگوں کو نا اہل کیا جائے گا:بیرسٹر گوہر 
راولپنڈی ، اسلام آباد ( خصوصی رپورٹ )بانی پی ٹی آئی کی بہن علیمہ خان نے کہا ہے کہ پنجاب کے اپوزیشن لیڈر احمد بھچر کے بعد اب قومی اسمبلی میں موجود قائد حزب اختلاف عمر ایوب کو بھی نااہل کرنے کی تیاری کی جارہی ہے۔اڈیالہ جیل کے باہر توشہ خانہ کیس کی سماعت کے بعد اپنی دونوں بہنوں اور وکلا کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے علیمہ خان نے کہا کہ توشہ خانہ کیس کی سماعت تھی فیملی اور وکلاء کی ملاقات بھی تھی، آج صرف ہمارے ایک وکیل کو اندر جانے دیا گیا۔علیمہ خان نے کہا کہ آج ہماری ملاقات تھی اب ہماری ملاقات بھی بند کردی گئی ہے، بانی نے کہا ہے انہوں فیئر ٹرائل کی کوئی امید نہیں،بانی نے کہا جمہوریت کے ساتھ جو کچھ کیا جارہا ہے اسکے لئے عوام کو اپنے حق کیلئے کھڑا ہونا ہوگا۔ بانی نے پارٹی کو کہا ہے نا اہلیوں سے گھبرانا نہیں۔ مجھے دو تین ماہ سے جیل کے اندر نہیں جانے نہیں دیا جا رہا جبکہ اب تو میری بہنوں کو بھی اندر جانے نہیں دیا جا رہا ، علیمہ خان نے کہا کہ بانی نے کہا چیف الیکشن کمشنر نے ایم این ایز، ایم پی ایز کو سنے بغیر نااہل کر دیا۔توشہ خانہ کیس میں بانی کا فیئرٹرائل نہیں ہو رہا، بانی نے کہا کینگرو کورٹ ہے، فیئر ٹرائل کی کوئی امید نہیں، اللہ نے ہمارے دلوں سے خوف نکال دیا ہے۔اسلام آباد میں سپریم کورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سلمان اکرم راجہ نے کہا کہ 5اگست کو احتجاج اس نظام سے بیزاری کے لیے کیا جارہا ہے، پاکستان کے ہر گاں، چوک اور گلی میں احتجاج کیا جائے گا۔پارٹی ورکر اور تنظیم مل کر اپنی آواز بلند کریں گے۔میڈیا سے گفتگوکرتے ہوئے چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر خان نے کہا کہ جمہوریت میں اپوزیشن کا کردار ختم ہو تو وہ شہنشاہت ہے، خدشہ پہلے سے تھا دیوار پر لکھا نظر آرہا تھا کہ ہمارے لوگوں کو نا اہل کیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ اپوزیشن کو نا اہل کرنے سے بہتر ہے ہوش کے ناخن لیں، ایک دوسرے کے گریبانوں سے ہاتھ نکالنے کا وقت ہے، جن لوگوں کو سزائیں ہوئی ہیں وثوق سے کہتا ہوں یہ لوگ سیاست میں انتشار نہیں چاہتے۔