بھارت میں دہلی پولیس کی سپیشل ویپنز اینڈ ٹیکٹکس (SWAT) کمانڈو 27 سالہ کاجل چودھری کو ان کے شوہر انکور نے شدید تشدد کے بعد قتل کر دیا۔
پولیس کے مطابق انکور کو چند گھنٹوں کے اندر گرفتار کر لیا گیا اور اس کے خلاف قتل کا مقدمہ درج کر لیا گیا۔کاجل کے بھائی نکھل، جو دہلی کی پارلیمنٹ سٹریٹ پولیس اسٹیشن میں کانسٹیبل ہیں، نے بتایا کہ 22 جنوری کی رات انہیں بہنوئی کی کال موصول ہوئی جس دوران انکور نے کاجل پر حملہ کیا اور دھمکی آمیز الفاظ ادا کیے۔ نکھل کے مطابق، کاجل نے اس دن اپنی مشکلات بیان کیں، اور اس دوران انکور نے فون چھین کر کہا کہ ’پولیس میرے کچھ نہیں کر سکتی‘ اور پھر کال منقطع ہو گئی۔ چند منٹ بعد دوبارہ کال آئی جس میں انکور نے بتایا کہ کاجل جان بحق ہو گئی ہے۔کاجل کو مغربی دہلی کے موہن گارڈن ایکسٹینشن میں مبینہ طور پر سر پر بھاری ڈمبل سے ضرب لگائی گئی۔ وہ 4 ماہ کی حاملہ تھیں۔ زخمی ہونے کے بعد انہیں غازی آباد کے ہسپتال منتقل کیا گیا، جہاں 27 جنوری کی صبح وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گئیں۔
خاندان کے مطابق، کاجل شادی کے بعد سسرال میں جہیز کے لیے مسلسل ہراساں کی جاتی رہیں۔ ان کی ساس اور دو نندیں بھی ہراسانی کے اس عمل میں شامل تھیں۔ کاجل کے والد نے کہا کہ شادی کے موقع پر موٹر سائیکل، سونا اور نقد رقم دینے کے باوجود مطالبات ختم نہ ہوئے۔نکھل نے بتایا کہ کاجل اور انکور کا ڈیڑھ سالہ بیٹا اس وقت نانی نانا کے پاس ہے اور خاندان نے فیصلہ کیا ہے کہ وہ بچے کی پرورش کریں گے اور جب وہ سمجھنے کے قابل ہو گا تب حقیقت بتائیں گے۔کاجل اور انکور کی ملاقات پانی پت کے ایک کالج میں ہوئی اور دونوں نے 23 نومبر 2023 کو شادی کی۔ ہریانہ کے علاقے گنّور میں تنازعات کے بعد دسمبر 2024 میں وہ دہلی کے موہن گارڈن میں کرائے کے مکان میں رہائش اختیار کر چکے تھے، مگر کشیدگی جاری رہی۔