ممبئی میں فلم سیٹ پر ہنگامہ، مقامی افراد اور عملے کے درمیان تصادم

ممبئی میں فلم سیٹ پر ہنگامہ، مقامی افراد اور عملے کے درمیان تصادم

بالی ووڈ فلم پتی پتنی اور وہ 2 کی شوٹنگ کے دوران فلم کے سیٹ پر جھگڑے کا واقعہ پیش آیا ہے، جس کی ویڈیوز سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہو رہی ہیں۔

بھارتی میڈیا کے مطابق یہ جھگڑا فلم کے عملے اور مقامی افراد کے درمیان ہوا۔ ابتدا میں دونوں جانب سے تلخ کلامی ہوئی، تاہم معاملہ شدت اختیار کر گیا اور ہاتھا پائی تک جا پہنچا۔ ویڈیوز میں تین افراد کو فلم کے عملے کے ایک رکن پر تشدد کرتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے، جبکہ دوسری ویڈیوز میں مزید افراد بھی جھگڑے میں شامل دکھائی دیتے ہیں۔میڈیا رپورٹس کے مطابق جس شخص پر حملہ کیا گیا وہ ممکنہ طور پر فلم کا ڈائریکٹر بتایا جا رہا ہے، تاہم اس کی سرکاری تصدیق ابھی تک نہیں کی گئی۔ جھگڑے کے دوران کچھ افراد نے بیچ بچاؤ کی کوشش بھی کی، لیکن ماحول مزید کشیدہ ہونے پر شوٹنگ عارضی طور پر روک دی گئی۔

اسی دوران ایک اور ویڈیو منظر عام پر آئی ہے جس میں فلم کی اداکارہ سارہ علی خان اور آیوشمان کھرانہ کو ایک کار کے اندر تلخ کلامی کرتے ہوئے دکھایا گیا۔ تاہم میڈیا رپورٹس کے مطابق یہ جھگڑا نہیں بلکہ فلم کا ایک سین تھا جسے شوٹنگ کے دوران فلمایا جا رہا تھا۔فلم پتی پتنی اور وہ 2 کے ہدایتکار مدثر عزیز ہیں، جو اس سے قبل ہیپی بھاگ جائے گی اور کھیل کھیل میں جیسی فلموں کی ہدایتکاری کر چکے ہیں۔ تاہم اس حالیہ واقعے پر ان کی جانب سے تاحال کوئی ردِعمل سامنے نہیں آیا۔