اسلام آباد کو دنیا کے دیگر بڑے شہروں سے زیادہ محفوظ قرار

اسلام آباد کو دنیا کے دیگر بڑے شہروں سے زیادہ محفوظ قرار

اسلام آباد نے گلوبل سیفٹی انڈیکس میں شاندار کامیابی حاصل کی ہے اور دنیا کے بڑے شہروں کو پیچھے چھوڑتے ہوئے ایک اہم سنگ میل عبور کیا۔

 گلوبل ویب سائٹ نمبیو کی حالیہ رپورٹ کے مطابق، اسلام آباد کو 67.9 کے سیفٹی انڈیکس کے ساتھ عالمی رینکنگ میں 93 نمبر پر رکھا گیا ہے، جس میں اسے لندن، نیویارک، اوسلو، سڈنی، ماسکو، ٹورنٹو اور بارسلونا جیسے شہروں سے زیادہ محفوظ قرار دیا گیا۔اسلام آباد پولیس نے اس کامیابی کو اپنے مؤثر اقدامات، محنت اور کارکردگی کا نتیجہ قرار دیا ہے۔ آئی جی اسلام آباد سید علی ناصر رضوی کی زیر کمان، وفاقی پولیس نے 2024 اور 2025 کے دوران جرائم کی شرح میں نمایاں کمی لانے میں کامیابی حاصل کی ہے۔ رواں سال کے آغاز میں گزشتہ سال کی نسبت 20 فیصد کمی واقع ہوئی ہے اور 2025 میں 600 وارداتیں کم ہوئی ہیں۔

پولیس کی جانب سے منشیات، شراب اور غیرقانونی اسلحہ کے خلاف کریک ڈاؤن، اور ’’نشہ! اب نہیں‘‘ جیسے عوامی شعور کی مہموں نے بھی شہر کو جرائم سے پاک کرنے میں مدد دی ہے۔ اسلام آباد پولیس نے ان کامیابیوں کا سہرا اپنے افسران و جوانوں کی محنت اور مؤثر حکمت عملی کو دیا ہے۔اسلام آباد کی بڑھتی ہوئی سیکیورٹی اور سیفٹی نے عالمی سطح پر پاکستان کے دارالحکومت کو ایک محفوظ اور ترقی یافتہ شہر کے طور پر پیش کیا ہے۔