پولیس کا طرزِ عمل ثابت ہوگیا تو یہ اختیارات کے سنگین غلط استعمال کے مترادف ہوگا:لاہورہائی کورٹ
لاہور(آئی این پی ) لاہور ہائیکورٹ نے عدالتی نوٹس جاری ہونے کے فوری بعد نظربند شخص کو دوسرے مقدمے میں گرفتار کرنے کے معاملے پر پولیس کی کارروائی پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے ڈی آئی جی آپریشنز لاہور کو گرفتاری کے تمام حالات کی ذاتی طور پر انکوائری کا حکم دے دیا۔جسٹس سردار اکبر علی ڈوگر نے شہری بہروز خان کی درخواست پر تحریری عبوری حکم جاری کرتے ہوئے ڈی آئی جی آپریشنز لاہور کو ہدایت کی ہے کہ وہ نظربند امیر خان کی مبینہ گرفتاری کے تمام حالات و واقعات کا خود جائزہ لیں۔عدالت نے ڈی آئی جی آپریشنز کو 30 ستمبر کو گرفتاری سے متعلق جامع اور تصدیق شدہ رپورٹ پیش کرنے کا حکم دیا ہے، ۔عدالت نے مزید قرار دیا کہ نظربند کی گرفتاری کا وقت اور طریقہ کار سنگین سوالات پیدا کرتے ہیں، اگر پولیس کا طرزِ عمل ثابت ہوگیا تو یہ اختیارات کے سنگین غلط استعمال کے مترادف ہوگا