بھارت میں600سال پرانی مسجد شہید کرنے کی کوشش‘مسلمان ڈھال بن گئے پولیس سے جھڑپیں

 اجین میونسپل کارپوریشن 2028 میں ہونے والے سنگھستھ میلے سے قبل سڑک کو 15 میٹر تک چوڑا کرنا چاہتی ہے، جس کی زد میں مسجد کے کچھ حصے  آ رہے ہیں
نئی دہلی (آئی این پی )بھارتی ریاست مدھیہ پردیش کے شہر اجین میں 600 سال قدیم تاریخی شاہی مسجد کو شہید کرنے کی کوشش کے خلاف سینکڑوں مسلمان مظاہرین کا مسجد کے اندر باہر دھرنا  پیر کوبھی جاری  رہا۔بھارتی میڈیا   رپورٹس کے مطابق شاہی مسجد کے اطراف ریپڈ ایکشن فورس (آر اے ایف) کے اہلکار تعینات کر دئیے گئے ہیں۔میڈیا رپورٹس کے مطابق احتجاجی مظاہرے کے دوران مقامی افراد اور پولیس کے درمیان جھڑپیں شروع ہو گئیں، پولیس نے مظاہرین پر آنسو گیس شیلنگ کی جبکہ سیکیورٹی اہلکاروں پر پتھرا ئوبھی کیا گیا۔واضح رہے کہ گزشتہ روز مقامی مسلمان مظاہرین نے 600 سو سال پرانی شاہی مسجد کو بلڈوزرز کے ذریعے شہید کرنے کی کارروائی ناکام بنا دی تھی۔بھارتی میڈیا کے مطابق اجین میونسپل کارپوریشن 2028 میں ہونے والے سنگھستھ میلے سے قبل سڑک کو 15 میٹر تک چوڑا کرنا چاہتی ہے، جس کی زد میں شاہی مسجد کے کچھ حصے بھی آ رہے ہیں۔مسجد کے امام محمد ابراہیم کے مطابق شاہی مسجد وقف کی جائیداد ہے اور یہ تقریبا 636 سال پرانی ہے، جس کی تعمیر 1390 میں ہوئی تھی۔