یہ حق قانون کے تحت عائد ضابطوں اور معقول پابندیوں سے مشروط ہے:عالمی دن پر پیغام
اسلام آباد(آئی این پی ) صدر مملکت آصف علی زرداری نے شہریوں کے حقِ معلومات کے تحفظ کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا ہے جمہوری معاشرے میں شہری اسی وقت عوامی زندگی میں بامعنی کردار ادا کرسکتے ہیں جب انہیں بروقت، معتبر اور قابلِ اعتماد معلومات تک رسائی حاصل ہو۔ عالمی یومِ معلومات تک رسائی کے موقع پراپنے پیغام میں صدر مملکت نے کہا کہ آئین پاکستان شہریوں کے حقِ معلومات کے لیے واضح بنیاد فراہم کرتا ہے، 18ویں آئینی ترمیم کے ذریعے اظہارِ رائے کی آزادی کے آئینی ڈھانچے کو مزید مضبوط کیا گیا اور آرٹیکل 19-اے شامل کیا گیا، جس کے تحت ہر شہری کو عوامی اہمیت کے تمام معاملات میں معلومات تک رسائی کا حق حاصل ہے، تاہم یہ حق قانون کے تحت عائد ضابطوں اور معقول پابندیوں سے مشروط ہے۔آصف علی زرداری نے کہا کہ رائٹ آف ایکسیس ٹو انفارمیشن ایکٹ 2017 وفاقی سطح پر معلومات تک رسائی کے لئے قانونی فریم ورک فراہم کرتا ہے، تاہم ڈیجیٹل پلیٹ فارمز، مصنوعی ذہانت اور دیگر ابھرتی ہوئی ٹیکنالوجیز کی تیز رفتار ترقی نے معلومات کی تیاری، ترسیل اور استعمال کے طریقہ کار کو تبدیل کردیا ہے۔