جرمنی کے شہر باؤٹزن میں ایک المناک واقعہ پیش آیا جب 27 سالہ ہسپانوی ٹریپیز آرٹسٹ مرینا بی ایک سرکس شو کے دوران جان کی بازی ہار گئیں۔
یہ حادثہ ہفتہ کی رات اس وقت پیش آیا جب وہ پاؤل بُش سرکس کے شو میں تنہا پرفارم کر رہی تھیں۔ تقریباً 100 تماشائیوں کی موجودگی میں وہ 16 فٹ کی بلندی سے گر گئیں اور موقع پر ہی ہلاک ہو گئیں۔جرمن میڈیا کے مطابق سرکس کے عملے نے واقعے پر شدید صدمے کا اظہار کیا اور کہا کہ وہ یقین نہیں کر پا رہے کہ یہ حادثہ کیسے ہوا۔ پولیس نے تصدیق کی کہ مرینا حفاظتی رسی استعمال نہیں کر رہی تھیں، تاہم حکام کے مطابق یہ فیصلہ ہر فنکار خود کرتا ہے۔
جرمنی کی سرکس ایسوسی ایشن کے سربراہ رالف ہوپرٹز نے امکان ظاہر کیا کہ ممکنہ طور پر مرینا کو اچانک چکر آگیا ہو، کیونکہ ایک تربیت یافتہ فنکار کے لیے اس بلندی سے گر کر موت واقع ہونا غیر معمولی بات ہے۔اس حادثے کے بعد سرکس انتظامیہ نے آئندہ کے تمام شو منسوخ کر دیے ہیں۔