بخشی خانے، داخلی راستوں اور پیشی کے دوران حفاظتی اقدامات مزید موثر بنانے کی ہدایت
لاہور (کرائم رپورٹر) ڈی آئی جی آپریشنز فیصل کامران نے سیشن کورٹ لاہور کا دورہ کرکے سکیورٹی انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا۔ اس موقع پر انہوں نے عدالتوں کے مختلف حصوں، بخشی خانے، داخلی و خارجی راستوں اور قیدیوں کو عدالتوں میں پیش کرنے کے دوران کیے گئے حفاظتی انتظامات کا معائنہ کیا۔ ڈی آئی جی آپریشنز نے سکیورٹی ڈیوٹی پر تعینات اہلکاروں کی حاضری، چیکنگ کے نظام اور قیدیوں کی نقل و حرکت کے انتظامات کا جائزہ لیتے ہوئے اہلکاروں کو الرٹ رہنے کی ہدایت کی۔ ڈی آئی جی آپریشنز لاہور فیصل کامران نے کہا کہ عدالتوں، ججز، وکلا اور سائلین کا تحفظ پولیس کی اولین ترجیح ہے۔ قیدیوں کو عدالتوں میں محفوظ طریقے سے پیش کرنے اور واپسی کے دوران سکیورٹی میں کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔ انہوں نے واضح کیا کہ عدالتی سکیورٹی کے انتظامات میں غفلت کی کوئی گنجائش نہیں۔