ملزموں نے ڈیزل اور پیٹرول کی رقم ادا نہ کی، سکیورٹی گارڈ کی فائرنگ کے باوجود فرار
بہاولپور (خصوصی رپورٹ) نورپور کے علاقے میں نامعلوم ملزمان نے پیٹرول پمپ پر انوکھی واردات کرتے ہوئے 65 ہزار روپے مالیت کا ایندھن ڈلوایا اور رقم ادا کیے بغیر فرار ہوگئے۔ واردات کی سی سی ٹی وی فوٹیج بھی سامنے آگئی ہے۔ تفصیلات کے مطابق ملزمان کار پر پیٹرول پمپ پہنچے اور دو گیلن میں 54 ہزار روپے مالیت کا ڈیزل ڈلوایا۔ اس کے بعد سندھ کی نمبر پلیٹ والی گاڑی میں 11 ہزار روپے کا پیٹرول ڈلوایا اور رقم ادا کیے بغیر فرار ہونے کی کوشش کی۔ سکیورٹی گارڈ نے مستعدی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ملزمان پر فائرنگ کی، تاہم وہ فائرنگ کی زد میں آنے کے باوجود گاڑی بھگا کر فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔ سکیورٹی کیمروں کی مدد سے کار اور ملزمان کی تلاش جاری ہے، جبکہ پولیس نے واقعے کی تحقیقات شروع کردی ہیں۔