ترقی کا راز مصنوعی ذہانت اور ڈیجیٹائیزیشن میں ہے، زرعی شعبے کو جدید بنایا جائیگا شہبازشریف

 علی بابا گروپ کے ساتھ سٹریٹجک شراکت داری سے بھرپور فائدہ اٹھاتے ہوئے چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروباروں کے لئے عالمی منڈیوں تک رسائی آسان بنانا حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے
ریلوے میں شفافیت، اصلاحات اور عوامی ریلیف حکومت کی ترجیحات ہیں،  اصلاحات تیز کی جائیں‘، مسافروں کو جدید سہولیات کی فراہمی اور سفر کو محفوظ بنایا جائے:اجلاس اور حنیف عباسی سے ملاقات میں گفتگو
اسلام آباد (آن لائن) وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ مصنوعی ذہانت (اے آئی)، ڈیجیٹائیزیشن اور جدید ٹیکنالوجی کا مؤثر استعمال پاکستان میں تجارت، برآمدات، زرعی پیداوار، کاروباری سہولت اور سرکاری خدمات کے معیار کو بہتر بنانے میں اہم کردار ادا کر سکتا ہے۔ ملکی ترقی کے لیے زرعی شعبے کو جدید خطوط پر استوار کرنا اور ٹیکنالوجی پر مبنی معیشت کو فروغ دینا ناگزیر ہے۔وزیرِ اعظم کی زیرِ صدارت اسلام آباد میں معیشت اور گورننس میں مصنوعی ذہانت اور ڈیجیٹائیزیشن کے استعمال سمیت حکومتِ پاکستان اور علی بابا گروپ کے درمیان تعاون پر پیش رفت کا جائزہ لینے کے لیے اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں متعلقہ وزارتوں اور اداروں کے جاری منصوبوں پر بریفنگ دی گئی اور ان پر عمل درآمد تیز کرنے کے حوالے سے ہدایات جاری کی گئیں۔وزیرِ اعظم نے کہا کہ علی بابا گروپ کے ساتھ اسٹریٹجک شراکت داری سے بھرپور فائدہ اٹھاتے ہوئے چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروباروں کے لیے عالمی منڈیوں تک رسائی آسان بنانا اور پاکستان میں ٹیکنالوجی پر مبنی ترقی کے نئے مواقع پیدا کرنا حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے۔انہوں نے چینی منڈیوں میں پاکستانی زرعی اجناس کی برآمدات کے لیے علی بابا کے تعاون کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا کہ زراعت میں آٹومیشن اور جدید ٹیکنالوجی کا استعمال پیداوار اور برآمدی صلاحیت میں اضافے کے لیے اہم ہے‘دریں اثناء  وزیراعظم محمد شہباز شریف نے پاکستان ریلوے کی کارکردگی بہتر بنانے، سفری سہولیات کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے اور ریل کے سفر کو محفوظ و قابلِ اعتماد بنانے کے لیے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کرنے کی ہدایت کی ہے۔ وزیراعظم نے ریلوے میں شفافیت، مؤثر اصلاحات اور عوام کو ریلیف کی فراہمی کو ترجیح دینے کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے ادارے کی بحالی اور بہتری کے لیے مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی ہے۔وزیراعظم  سے وفاقی وزیر ریلوے محمد حنیف عباسی نے ملاقات کی، جس میں وزارت ریلوے کے انتظامی، مالیاتی اور اصلاحاتی امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔وزیراعظم نے ہدایت کی کہ ریل کے سفر کو محفوظ، آرام دہ اور قابلِ اعتماد بنانے کے لیے تمام ضروری اقدامات ہنگامی بنیادوں پر کیے جائیں۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ پاکستان ریلوے میں اصلاحاتی عمل کو مؤثر انداز میں آگے بڑھایا جائے اور انتظامی و مالیاتی امور میں شفافیت کو یقینی بنایا جائے۔وزیراعظم محمد شہباز شریف نے پاکستان ریلوے کی بحالی اور ادارے میں انقلابی اصلاحات کے لیے حکومت کے مکمل تعاون کی یقین دہانی کراتے ہوئے اس عزم کا اظہار کیا کہ ریلوے کی خدمات کو بہتر بنا کر عوام کو معیاری سفری سہولیات فراہم کرنے اور مال برداری کے نظام کو مزید مؤثر بنانے پر خصوصی توجہ دی جائے گی۔