پی ٹی آئی عوامی طاقت سے پارلیمنٹ کی کارروائی روک دے: محمود اچکزئی

  تمام سیاسی جماعتوں سے کہتا ہوں اپنی انا سے باہر نکلیں، پشاور جرگہ کو اہمیت نہیں دی جا رہی:اسد قیصر 
فیڈریشن کو بچانا ہے تو موجودہ حکمرانوں سے نجات پانا لازم ہے:علامہ ناصر عباس‘میڈیا سے گفتگو
راولپنڈی(آئی این پی )سربراہ تحریک تحفظ آئین محمود خان اچکزئی نے  بانی پی ٹی آئی عمران خان سے ملاقات نہ کرانے پر تشویش کا اظہار  کرتے ہوئے کہا ہے کہ پی ٹی آئی کو ہماری تجویز ہے کہ اگر بانی کی بہنوں سے ملاقات کروانی ہے تو عوامی طاقت سے پارلیمنٹ اور سینیٹ کی کارروائی روک دیں، یہاں کوئی شرافت کی زبان نہیں سمجھتا،ہمارا واسطہ 5 ہزار 3 سو ارب کے چور حکمرانوں سے پڑا ہے، یہ غاصب اور مینڈیٹ چور حکمران ہیں، شہریوں سے اپیل ہے آئین کے لئے  کھڑے ہوں ،آئو  ہمارے ساتھ باہر نکلو ، ہمیں اس پارلیمنٹ میں شور مچانا ہو گا۔سربراہ تحریک تحفظ آئین محمود خان اچکزئی نے پی ٹی آئی کے دھرنے کے مقام پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اگرچہ یہ دھرنا پلان نہیں تھا، وزیراعلی خیبرپختونخوا کو خوش فہمی تھی وہ فیڈریشن کا یونٹ ہے۔اس موقع پر  تحریک انصاف کے رہنما اسد قیصر نے کہاکہ ہری پور میں عوام کے حق کو چھینا گیا، ہم سے ووٹ کا حق چھینا گیا، انہوں نے  وکلا برادری سے سوال کیا کہ کیا یہ آئین کی عزت ہو رہی ہے؟۔اسد قیصر نے کہاکہ  تمام سیاسی جماعتوں سے کہتا ہوں اپنی انا سے باہر نکلیں، پشاور میں پاکستان کا سب سے بڑا جرگہ ہوا لیکن اس کی قرارداد کو اہمیت نہیں دی جا رہی۔ پی ٹی آئی کے دھرنے کے مقام پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سربراہ مجلس وحدت المسلمین علامہ ناصر عباس نے کہا ہے کہ اس وقت پاکستان میں کوئی فیڈریشن نہیں ہے، موجودہ حکمران ملک کو توڑنا چاہتے ہیں، ان سے نجات پانا ہر پاکستانی کی ذمہ داری ہے تاکہ پاکستان فیڈریشن بچ سکے ۔