جدید، مربوط اور سرمایہ کار دوست کیپٹل مارکیٹ ایکو سسٹم کی ترقی قومی ترجیح ہے :اجلاس سے خطاب
اسلام آباد (یواین پی)وفاقی وزیر خزانہ و محصولات سینیٹر محمد اورنگزیب نے کہا ہے کہ معاشی ترقی کے لئے مالی معاونت فراہم کرنے، سرمایہ کاروں کی شمولیت بڑھانے اور جاری ڈھانچہ جاتی اصلاحات کو آگے بڑھانے میں کلیدی کردار ادا کرنے کیلئے حکومت متحرک اور جامع کیپٹل مارکیٹس کی تشکیل کے لئے پرعزم ہے۔ جمعہ کو یہاں کیپٹل مارکیٹ ڈویلپمنٹ کونسل کے افتتاحی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر خزانہ نے کہا کہ جدید، مربوط اور سرمایہ کار دوست کیپٹل مارکیٹ ایکو سسٹم کی ترقی قومی ترجیح ہے جو فنانس تک بہتر رسائی، بچتوں کے فروغ، مارکیٹ سرگرمی میں گہرائی اور پاکستان کی طویل مدتی معاشی مضبوطی کے لئے ناگزیر ہے۔ اجلاس میں پاکستان کی کیپٹل مارکیٹس کے استحکام اور توسیع کے روڈمیپ کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔