497 اہم عید اجتماعات ،10ہزار سے زائد ریسکیورزمتعین

 ایمرجنسی ریسکیو سٹیشن، ایمرجنسی وہیکل پر خدمات سر انجام دیں گے
لاہور(کرائم رپورٹر)سیکرٹری ایمرجنسی سروسز ڈیپارٹمنٹ ڈاکٹر رضوان نصیر نے عید الفطر کی تعطیلات کے دوران پنجاب میں ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کیلئے فوری اقدامات کو یقینی بنانے کیلئے میڈیکل کور و ریسکیوایمرجنسی انتظامات کو حتمی شکل دے دی۔ انہوں نے تمام ضلعی ایمرجنسی افسران کو ہدایت کی کہ وہ پنجاب بھر میں ایمبولینس، ریسکیو اور فائر سروسز کی بروقت فراہمی کو یقینی بنانے کیلئے فول پروف انتظامات کو یقینی بنائیں اور متعلقہ ضلعی وتحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتالوں کے ساتھ  کوآرڈینیشن برقرار رکھیں تاکہ ایمرجنسی میں متاثرین کو فوری اور بہتر طبی امداد مل سکے۔اس سلسلے میں وہ عید الفطر کی تعطیلات کے دوران ایمرجنسی کور فراہم کرنے کے انتظامات کا جائزہ لینے کیلئے تمام ضلعی ایمرجنسی افسران کیساتھ ویڈیولنک اجلاس کی صدارت کر رہے تھے جس میں تمام ضلعی ایمرجنسی افسران کے علاوہ ایمرجنسی سروسزڈیپارٹمنٹ واکیڈمی کے تمام شعبہ جات کے سربراہان بھی شریک تھے۔صوبائی مانیٹرنگ آفیسر نے سیکرٹری ایمرجنسی سروسز کو بریفنگ دی کہ صوبے میں ایمرجنسی کی صورت میں بروقت اور پیشہ ورانہ ریسکیو سروسز کی فراہمی کے لیے عید کے دوران 10,000 سے زائد ریسکیورزمتعین ہوں گے جو ایمرجنسی ریسکیو سٹیشن، ایمرجنسی وہیکل پر خدمات سر انجام دیں گے اس کے علاوہ پنجاب بھر میں 497 اہم عید کے اجتماعات کے مقامات پربھی ریسکیورز کو تعینات کیا جائے گا۔ پنجاب کے تمام اضلاع میں 1942 ریسکیو موٹر بائیکس، 827 ایمرجنسی ایمبولینسز، 326 فائر وہیکلز اور 86 ریسکیو گاڑیاں بھی ریسکیو سروسز میں مصروف بہ عمل ہوں گی۔ ایمرجنسی سروسز ہیڈ کوارٹرز میں صوبائی مانیٹرنگ سیل اور پیشنٹ ٹرانسفر سروسز سیل 24 گھنٹے فعال رہے گا تاکہ ضلعی ایمرجنسی پلانز کامانیٹرنگ کے ذریعے مؤثر نفاذ یقینی بنایا جا سکے۔