امریکی محکمہ صحت کا 10ہزار مستقل ملازمین برطرف کرنے کا فیصلہ

نئی برطرفیوں کے بعد محکمے کے مستقل ملازمین کی تعداد 82 ہزار سے کم ہوکر 62 ہزار رہ جائے گی، محکمہ صحت 
 واشنگٹن (آئی این پی)امریکی محکمہ صحت نے اپنے 10ہزار مستقل ملازمین کو برطرف کرنے کا فیصلہ کرلیا۔امریکی میڈیا کے مطابق یہ فیصلہ اس وقت سامنے آیا ہے جب محکمہ صحت کے 10ہزار ملازمین پہلے ہی رضاکارانہ طور پر مستعفی ہو چکے ہیں، نئی برطرفیوں کے بعد محکمے کے مستقل ملازمین کی تعداد 82ہزار سے کم ہوکر 62ہزار رہ جائے گی۔امریکی محکمہ صحت کے تنظیمی ڈھانچے میں بھی بڑی تبدیلیاں کی جا رہی ہیں جس کے تحت ادارے کی 28 شاخوں کو کم کرکے 15 کیا جا رہا ہے، اس کے علاوہ علاقائی دفاتر کی تعداد بھی 10سے کم کرکے 5کر دی جائے گی۔محکمہ صحت کے مطابق ان اقدامات کے نتیجے میں قومی خزانے کو سالانہ 1.8 ارب ڈالر کی بچت ہوگی، ملازمین کو جمعہ کے روز سے برطرفی کے نوٹس بھیجے جارہے ہیں ور ممکنہ طور پر 27 مئی سے ان کی برطرفیوں کا فیصلہ نافذ ہوجائے گا۔امریکی محکمہ صحت کے سیکرٹری رابرٹ ایف کینیڈی جونیئر نے کہا ہے کہ ہم صرف بیوروکریسی کو کم نہیں کر رہے بلکہ اس ادارے کو اس کے بنیادی مشن اور نئی ترجیحات کے مطابق دوبارہ ترتیب دے رہے ہیں، انہوں نے مزید کہا کہ یہ محکمہ کم لاگت پر زیادہ کام کرے گا۔